انسداد پولیومہم میں غفلت برداشت نہیں کرینگے ،کمشنر راولپنڈی
ڈپٹی ،اسسٹنٹ کمشنرز مہم کے دوران پولیو ٹیموں کو مکمل سکیورٹی فراہم کریں سیلاب یا دشوار گزار علاقوں کیلئے خصوصی موبائل ٹیمیں تشکیل دی جائیں، عامرخٹک
راولپنڈی(نیوزرپورٹر)کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک کی زیر صدارت پولیو مہم کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس کمشنر آفس راولپنڈی میں منعقد ہواجس میں ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ، ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن، سول ڈیفنس، ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ، پولیس، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔ پولیو مہم 13 سے 16 اکتوبر تک جاری رہے گی جس کے دوران 5 سال سے کم عمر تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے ۔ کمشنر راولپنڈی نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ حکومتِ پنجاب کی اولین ترجیح ہے ، لہٰذا اس حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ڈپٹی اور اسسٹنٹ کمشنرز مہم کے دوران پولیو ٹیموں کو مکمل سکیورٹی فراہم کریں ۔ سیلاب یا دشوار گزار علاقوں میں بچوں تک پہنچنے کے لیے خصوصی موبائل ٹیمیں تشکیل دی جائیں۔ ہر گھر تک رسائی کے لیے یونین کونسل سطح پر نگران افسران تعینات کیے جائیں ۔کمشنر راولپنڈی نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلائیں اور ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔