آگ نمرود کے سامنے سنتِ ابراہیمی کا کردار ادا کیا، پیر مظہر سعید
صمود فلوٹیلا کی طرح تحریک چلا کر کشمیری بھا ئیوں کیلئے بھی نکلیں گے وزیر اطلاعات کی مظفر آباد آمد ، جگہ جگہ استقبال، پھولوں کے ہارپہنائے گئے
مظفرآباد ( بیورو رپورٹ)وزیرِ اطلاعات آزاد کشمیر پیر محمد مظہر سعید شاہ کا صمود فلوٹیلا قافلے سے واپسی پر آزاد جموں و کشمیر آمدپر پرتپاک استقبال کیا گیا ۔ مظہر سعید شاہ ، عزیز نظامی، مولانا خطیب،محمد اسماعیل خان، ڈاکٹر محمد اسامہ کے ہمراہ جب کوہالہ پہنچے تو عوام کی بڑی تعداد نے انکا استقبال کیا، پھولوں کے ہار پہنائے اور آزادی فلسطین اورآزادی کشمیر کے لیے زبردست نعرے بازی کی۔بعدازاں انکا چھترکلاس کلیاں، امبور ، چھترچوک ، پلیٹ اور چہلہ بانڈی مظفرآباد میں سینکڑوں افراد نے استقبال کیا ۔
پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا کہ صمود فلوٹیلا کے لیے روانہ ہونے والے قافلے نے آگ نمرودکے سامنے سنتِ ابراہیمی کا کردار ادا کیا، فلسطین سے اظہار یکجہتی کر کے علم ، محبت اور بھائی چارے کے پیغام کو اجاگر کیا گیا ،ہمارا مقصد فلسطین کے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کرناتھا ،آج کا یہ استقبال کسی خاص جماعت یا فکر کا استقبال نہیں بلکہ اہلیان کشمیر کا فلسطین کے عوام سے اظہار یکجہتی و محبت کامظہر ہے ۔ انہوں نے کہا ان شا اللہ مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کوبھارت کی چنگل سے چھڑوانے کے لیے صمود فلوٹیلا کی طرح کی تحریک چلا کر ان کی حمایت میں بھی نکلیں گے ۔ صمود فلوٹیلا کے 45 ممالک کے 500افراد پر مشتمل قافلے نے اسرائیل کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا ۔