پاکستان میں بیماریوں کی بڑی وجہ غربت ہے ،وزیر صحت
ہیپا ٹائٹس میں پاکستان بدقسمتی سے سرفہرست ،سسٹم بدلنا ہوگا ،مصطفی کمال
اسلام آباد (نیوز رپورٹر )وفاقی وزیر قومی صحت مصطفی کمال نے کہا کہ پاکستان میں ہیلتھ کا نظام ابھی آئیڈیل پوزیشن پر نہیں، انسانی جان بے حد اہم ہے ، ہمیں اس کی قدر کرنی چاہیے ، دنیا میں ہیلتھ کیئر کا نظام تیزی سے بدل چکا ہے ،مریض بننے سے روک تھام پر توجہ دینا ہوگی،ایکو سسٹم درست سمت میں ڈالنے کی کوشش جاری ہے ،پاکستان میں غربت بیماریوں کی بڑی وجہ ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فارماویجیلنس سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا، وزیر صحت نے کہا کہ دنیا ہسپتال خالی کرنے کی پالیسی کی جانب بڑھ رہی ہے ، ہیپا ٹائٹس میں پاکستان بدقسمتی سے سرفہرست ہے ، ہیلتھ انشورنس پر دس ارب روپے خرچ ہوں گے ۔ دنیا لائف سٹائل میڈیسن کی طرف رواں دواں ہے ، ہسپتالوں میں مریضوں کی تعداد کم کرنے کی حکمتِ عملی جاری ہے ، کوئی مریض ہے تو سمجھنا ہوگا کیوں ہے ، اداروں کو برا کہنے سے جان نہیں بچ سکتی۔