علیم خان کا اسلام آباد مری ایکسپریس وے کا دورہ، کام کا جائزہ لیا
شاہراہ کو بین الاقوامی طرز پر بنا رہے، سیاحوں کو سہولیات ملیں گی، وزیر مواصلات
اسلام آباد (نیوز رپورٹر )وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم نے گزشتہ روز اسلام آباد مری ایکسپریس وے کا دورہ کیا ، جاری ترقیاتی کاموں اور منصوبے کی تکمیل کے حتمی مراحل کا جائزہ لیا۔ منصوبے کی پیش رفت اور کام کے معیار پر اطمینان کا اظہار کیا اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اسلام آباد مری ایکسپریس وے کو بین الاقوامی معیار کے مطابق جدید شاہراہ میں تبدیل کیا گیاہے۔ یہ شاہراہ ہر سال لاکھوں سیاحوں کو ملک کے مشہور تفریحی مقام مری تک لے جاتی ہے اوراسے مزید محفوظ اور آرام دہ سفر کے لیے جدید سہولیات سے آراستہ کیا گیا ہے، جدید طرز کا لائٹنگ سسٹم نصب کر دیا گیا ہے جس سے رات کے وقت بھی سفر مزید محفوظ اور آسان ہو گیا ہے۔ مسافروں کی سہولت کے لیے جدید اور مکمل سہولیات سے مزین ریسٹ ایریاز بھی قائم کیے گئے ہیں۔ منصوبہ تکمیل کے قریب ہے اور اس کا باضابطہ افتتاح وزیراعظم کی جانب سے جلد کیا جائے گا۔