زیمبو برن سینٹر میں پوسٹ گریجویشن کا نصاب تیارکرنیکی ہدایت

زیمبو برن سینٹر میں پوسٹ گریجویشن کا نصاب تیارکرنیکی ہدایت

ڈگری پروگرام روکنے، انچارج برن سینٹر کی تبدیلی کی درخواست مسترد

اسلام آباد (ایس ایم زمان) شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی (زیمبو) نے انچارج برن سینٹر کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ پوسٹ گریجویشن نصاب تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ تین رکنی کمیٹی نے برن سینٹر میں پوسٹ گریجویشن کیلئے نصاب یونیورسٹی، پی ایم ڈی سی سمیت متعلقہ اداروں کو بھجوانے کی ہدایت کردی اور نئے نصاب کی منظوری تک پمز برن پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹرز کو موجودہ نصاب کے مطابق پوسٹ گریجویٹ تعلیم جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

کمیٹی نے ڈاکٹرز کی جانب سے ڈگری پروگرام روکنے اور انچارج برن سینٹر و سربراہ شعبہ پلاسٹک سرجری ڈاکٹر عبدالخالق ملک کی بطور سپروائزر تبدیلی کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر تنویر خالق نے برن سینٹر کے پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹرز کی درخواست پر پروفیسر علی معراج شامی، ڈاکٹر طارق عبداللہ اور ڈاکٹر جنیدہ سرفراز پر تین رکنی کمیٹی تشکیل دی تھی جس نے اپنی سفارشات پیش کر دی ہیں۔ برن سینٹر پمز میں زیر تربیت چار پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹر محمد ابراہیم، ڈاکٹر علی مجتبیٰ، ڈاکٹر عمر سرور اور ڈاکٹر رضوان اللہ نے ڈاکٹر عبدالخالق ملک کو پوسٹ گریجویشن سپروائزر کے طور پر تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا اور اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد صائق کو سپروائزر تعینات کرنے کی درخواست کی تھی جس کو مسترد کر دیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں