گندم کاشت کا ہدف ہر صورت حاصل کرینگے ،ایڈیشنل کمشنر ریونیو
زراعت کی ترقی ، کسان کی خوشحالی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ،اجلاس سے خطاب
راولپنڈی (نیوز رپورٹر) ایڈیشنل کمشنر ریونیو راولپنڈی سید مسعود بخاری نے کہا ہے کہ راولپنڈی ڈویژن میں گندم کی کاشت کیلئے مقررہ ٹارگٹ ہر صورت حاصل کیا جائے گا۔ زراعت کی ترقی اور کسان کی معاشی خوشحالی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈویژنل ویٹ (گندم) کمیٹی کے چوتھے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں ڈاکٹر خالد سیف اللہ ڈائریکٹر او آر آئی سی ایرڈ یونیورسٹی، کمیٹی کے متعلقہ اراکین اور ضلعی انتظامیہ کے افسران نے شرکت کی۔ ڈائریکٹر ایگریکلچر شاہد افتخار بخاری نے بتا یا آئندہ گندم کی خریداری 3500روپے فی من کے حساب سے کی جائے گی اور وفاقی اور صوبائی حکومتیں 62لاکھ میٹرک ٹن گندم کے سٹرٹیجک ذخائر کے لیے خریداری کریں گی ، پنجاب میں رواں سیزن گندم کی کاشت کا ہدف 1 کروڑ 65 لاکھ ایکڑ مقرر کیاگیا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ مارکیٹوں میں گندم کا تصدیق شدہ بیج 5500روپے فی بیگ اور کھادیں مقرر کردہ قیمتوں سے نیچے وافر مقدار میں دستیاب ہیں۔