پی ایچ اے کی جانب سے راولپنڈی کی بیوٹیفکیشن کیلئے کام جاری
سڑکوں،گرین بیلٹس، پارکوں میں شجر کاری، پھولوں سے سجاوٹ کی گئی
راولپنڈی (نیوز رپورٹر) پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی راولپنڈی شہر کی بیوٹیفکیشن کیلئے کام جاری رکھے ہوئے ہے۔ سڑکوں، گرین بیلٹس، پارکوں میں شجرکاری، پھولوں سے سجاوٹ کی گئی۔ ڈی جی پی ایچ اے احمد حسن رانجھا کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں پی ایچ اے اپنی نرسریز میں متعدد اقسام کے پھولوں اور پودوں کی افزائش اور نگہداشت کے عمل کو بھی یقینی بنا رہی ہے تا کہ شہر کو سرسبز بنانے میں مدد مل سکے۔ ایئر لیئرنگ کے ذریعے بھی پودوں کی افزائش کی جا رہی ہے۔ احمد حسن رانجھا کا کہنا تھا کہ اپنی نرسریز سے شہر کے پارکوں اور گرین بیلٹس پر پودوں کو لگانے کی ضرورت پوری کی جا رہی ہے، پی ایچ اے پودوں کی دستیابی کے حوالے سے خود کفیل ہو چکی ہے، راولپنڈی شہر کو پنجاب حکومت کے وژن کے مطابق سرسبز بنائیں گے۔