مری ،عیدالاضحی تعطیلات،گرمائی سیزن کیلئے خصوصی ٹریفک پلان جاری
پانچ اہم سڑکیں ون وے ،ہیوی گاڑیوں کے داخلے پر صبح 7 سے رات 12 بجے تک پابندی
مری (نمائندہ دنیا) مری میں عیدالاضحی تعطیلات اور گرمائی سیزن کے آغاز کے موقع پر سیاحوں کو بہتر سفری سہولیات اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے خصوصی ٹریفک پلان جاری کر دیا گیا یہ بات چیف ٹریفک آفیسر مری منیر احمد ہاشمی نے پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی، گرمائی سیزن کے دوران مری سٹی کی پانچ اہم سڑکوں کو ون وے قرار دے دیا گیا ہے جبکہ مال روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند رکھا جائے گا تاکہ پیدل چلنے والے سیاحوں کو سہولت فراہم کی جا سکے ،شہر میں ہیوی گاڑیوں کے داخلے پر صبح 7 بجے سے رات 12 بجے تک مکمل پابندی عائد ہو گی، تاہم فوڈ اور واٹر سپلائی کرنے والی بڑی گاڑیوں کو رات 12 بجے سے صبح 7 بجے تک داخلے کی اجازت دی جائے گی ،سیاحتی دباؤ اور ٹریفک مینجمنٹ کو مؤثر بنانے کے لیے 220سے زائد ٹریفک اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ ضلع کو تین سرکل اور پانچ سیکٹرز میں تقسیم کیا گیا ہے ۔ ایس پی سیف سٹی راولپنڈی ریجن رضا نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ مال روڈ، جی پی او چوک اور دیگر اہم داخلی و خارجی راستوں سمیت مجموعی طور پر 35مقامات پر 185جدید کیمرے نصب کر دیے گئے ہیں جبکہ مختلف مقامات پر پینک بٹن بھی نصب کیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری رسپانس ممکن بنایا جا سکے ۔،انہوں نے کہا کہ سیف سٹی کنٹرول روم سے چوبیس گھنٹے ٹریفک کی روانی، رش، سیکیورٹی صورتحال اور شہری و سیاحتی سرگرمیوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے ۔