صاف ستھرا،محفوظ ماحول فراہم کرنا اولین ترجیح ،ڈپٹی کمشنر
عید پر سکیورٹی،ٹریفک انتظامات میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی ،طاہرہ اورنگزیب
راولپنڈی ( خصوصی نامہ نگار )عیدالاضحی کے انتظامات کے حوالے سے اجلاس ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ اور ممبر قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب کی زیر صدارت ہوا، سکیورٹی، صفائی ستھرائی، ٹریفک مینجمنٹ، آلائشوں کی بروقت تلفی اور شہری سہولیات کی فراہمی سے متعلق انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے دوران شہریوں کو صاف ستھرا اور محفوظ ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ مویشی منڈیوں، اہم شاہراہوں اور رہائشی علاقوں میں صفائی کے خصوصی انتظامات یقینی بنائے جائیں جبکہ آلائشوں کو فوری طور پر ٹھکانے لگانے کے لئے مؤثر حکمت عملی اختیار کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ویسٹ مینجمنٹ ٹیمیں عید کے ایام میں مکمل طور پر فیلڈ میں موجود رہیں گی تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت شہریوں میں آلائشیں محفوظ انداز میں جمع کرنے کے لئے خصوصی شاپنگ بیگز تقسیم کئے جارہے ہیں تاکہ شہری قربانی کی آلائشیں ان بیگز میں ڈال کر ستھرا پنجاب کی ٹیموں کے حوالے کریں۔ اس اقدام کا مقصد شہر میں صفائی برقرار رکھنا، تعفن اور آلودگی سے بچاؤ یقینی بنانا اور ماحول کو صاف ستھرا رکھنا ہے ۔ممبر قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق عیدالاضحیٰ کے دوران عوام کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام ادارے متحرک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صفائی، سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی ۔