فائرنگ سے جاں بحق جماعت اسلامی کے دوکارکنان سپردخاک

فائرنگ سے جاں بحق جماعت اسلامی کے دوکارکنان سپردخاک

شہر میں دہشت گردوں کا راج ہے،قاتل گرفتار کیے جائیں ،حافظ نعیم الرحمٰن

کراچی(اسٹاف رپورٹر)فائرنگ سے جاں بحق جماعت اسلامی کے دوکارکنان عبدالرزاق اور شمعون قیصر کو اتوار کو سپردخاک کردیا گیا۔ عبدالرزاق کی نماز جنازہ مسجد اقصیٰ5-J جبکہ شمعون قیصر کی جامع مسجد الہدیٰ نارتھ کراچی میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں جماعت اسلامی کے رہنماؤں حافظ نعیم الرحمٰن، عبدالوہاب، نصراﷲ شجیع، راشد قریشی، زاہد عسکری، ظفر خان ، محمد یوسف ، احمر خان، اسلامی جمعیت طلبہ کے رہنما حافظ بلال، عمیر سعید ، صدر شباب ملی سیف الدین ، نصر عثمانی سمیت جماعت اسلامی کے ذمہ داران و کارکنان کی بڑی تعداد ،شہداء کے رشتے داروں ،اہل محلہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ شمعون قیصر کی نماز جنازہ حافظ نعیم الرحمٰن نے پڑھائی ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ نوجوان ساتھیوں کی جدائی ہمارے لئے بہت بڑا سانحہ ہے۔حکومت عبدالرزاق اور شمعون قیصرشہید کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کرائے ۔انہوں نے کہا کہ شہر میں دہشت گردوں کا راج ہے۔ اجرتی قاتل دہشت گرد گروہوں اور سیاسی جماعتوں کی چھتری کے نیچے کام کر رہے ہیں ۔بعد ازاں سیکڑوں سوگواروں کی آہوں سسکیوں کے درمیان شہید عبدالرزاق کو قریبی قبرستان اور شمعون قیصر شہید کو محمد شاہ قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں