بزرگوں کی دیکھ بھال کیلئے پروگرام شروع کرنے کا اعلان

بزرگوں کی دیکھ بھال کیلئے پروگرام شروع کرنے کا اعلان

20 خواتین کو آزمائشی گروپ میں بھرتی کیا گیا ہے ،ٹریننگ کاآغازجلدہوگا

معاشرے میں بزرگوں کی دیکھ بھال کیلئے تربیت یافتہ افراد کی ضرورت ہے ،عاتکہ لطیفکراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کی آبادی میں بوڑھے افراد کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے ،ایک محتاط اندازے کے مطابق 2025 تک ملک میں بزرگ افراد کی تعداد ساڑھے چار کروڑ تک پہنچ جائے گی۔ اس وقت 60 سال یا اس سے زائد عمر افراد کی تعداد ایک کروڑ 80 لاکھ تک پہنچ چکی ہے ۔مستقبل میں بزرگوں کی دیکھ بھال کے لیے ٹیف فاؤنڈیشن کے ادارے ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ نے آغا خان یونیورسٹی (اے کے یو)کے اشتراک سے اپنی نوعیت کا پہلا پروگرام شروع کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ یہ پروگرام اس بات کو یقینی بنائے گا کہ زیرتربیت تمام خواتین (ٹرینی ) میں مطلوبہ علم، مہارت اور برتاؤ کو یقینی بنایا جائے تاکہ وہ بزرگوں کی بہتر طور پر دیکھ بھال کرسکیں۔ اس پروگرام میں بزرگ افراد کو درپیش عام بیماریوں کی نشاندہی اور ان کی روزمرہ زندگی پر پڑنے والے اثرات کا جائزہ لیا جاتا ہے ۔ٹیف فاؤنڈیشن کی سی ای او عاتکہ لطیف نے بتایا کہ آج ہمارے معاشرے میں بزرگوں کی دیکھ بھال کے لئے تربیت یافتہ افراد کی بہت ضرورت ہے ۔ خصوصی تربیت کے حصول کے بعد تربیت یافتہ خواتین بہتر انداز سے بزرگوں کی دیکھ بھال کرسکیں گی جس سے ان کی آمدنی میں بھی نمایاں اضافہ ہوگا۔ اس پروگرام کے لیے ہولی فیملی اسپتال کے ساتھ اشتراک کیا گیا ہے ۔ پروگرام کے لئے کم از کم میٹرک تک تعلیم یافتہ 20 سے 45 سال کی 20 خواتین کو آزمائشی گروپ میں بھرتی کیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ پچھلی نسل یا اس سے پچھلے عرصے میں معمر افراد کی دیکھ بھال خاندان کے نوجوان کرتے تھے اور مشترکہ خاندانی نظام بڑے پیمانے پر رائج تھا۔ تاہم آج اکثر خاندانوں کے بچے مشترکہ خاندانی نظام سے باہر نکل آئے ہیں یا بیرون ملک چلے گئے ہیں اور ان کے پیچھے معمر آبادی کی دیکھ بھال کے شعبے میں خلاء پیدا ہوگیا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں