سندھ کے حکمرانوں نے عوام کو فراموش کردیا،معراج الہدیٰ

سندھ کے حکمرانوں نے عوام کو فراموش کردیا،معراج الہدیٰ

اندرون سندھ کے رہائشی اس وقت بھی پتھر کے دور کی زندگی گزار رہے ہیںمجلس عمل پاکستان کے عوام کے خوابوں کی تعبیر بنے گی، صوبائی شوریٰ سے خطاب

کراچی(اسٹاف رپورٹر )متحدہ مجلس عمل پاکستان کے عوام کے خوابوں کی تعبیر بنے گی، جماعت اسلامی اتحاد امت کے لئے قوم کو جوڑنے کی جدوجہد جاری رکھے گی، سندھ کے حکمران عوام کو فراموش کرچکے ہیں اور ان کے پاس قومی ترقی کا کوئی ایجنڈا موجود نہیں ہے ۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے قباآڈیٹوریم میں صوبائی مجلس شوریٰ کے نومنتخب ارکان اور امرائے اضلاع کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اندرون سندھ کے رہائشی اس وقت بھی پتھر کے دور کی زندگی گزار رہے ہیں، کراچی، حیدرآباد، نوابشاہ ،لاڑکانہ اور سکھر جیسے بڑے شہروں کی سڑکیں اور گلیاں آثار قدیمہ کا منظر پیش کررہی ہیں،تعلیم اور صحت جیسی سہولیات عوام کیلئے ناپید ہیں،دیانتدار قیادت کو اقتدار میں لائے بغیر عوام کی زندگی میں بہتری کا کوئی امکان نہیں ہے ، جماعت اسلامی دیانتدار قیادت پیش کررہی ہے اور متحدہ مجلس عمل کے ذریعے مسلکی اختلافات کو ختم کرکے دیانتدار قیادت کے پیچھے پورے پاکستان کو اکٹھا کریں گے ۔ 13مئی کو مینار پاکستان پر متحدہ مجلس عمل کا جلسہ عام تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا ،عوام کو روزگار، تعلیم، صحت ،امن وامان اور لوڈشیڈنگ کے عذاب سے نجات صرف ایم ایم اے کی قیادت ہی دلاسکتی ہے جس کے پاس اس وقت بہترین قیادت موجود ہے ، جماعت اسلامی نے کے پی کے میں اپنے وزراکی کارکردگی کے ذریعے پانچ سالہ اتحادی حکومت میں یہ ثابت کرچکی ہے کہ وہ صرف دعوے نہیں بلکہ جو کہتی ہے اس پر عمل بھی کرتی ہے ،سندھ کے عوام کو اگر بدترین کرپشن، قبائلی جھگڑوں سے نجات اور صحت،تعلیم روزگار جیسے بنیادی وسائل حاصل کرنے ہیں تو سندھ پر مسلط قیادت سے نجات حاصل اور ایم ایم اے کی قیادت کو منتخب کرنا ہوگا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں