ایف آئی آر کے اندراج میں پس وپیش سے کام نہ لیا جائے،آئی جی
موثر تفتیش و تحقیق کی بدولت متاثرین کو انصاف کی فراہمی کو یقینی بنائیں،مشتاق احمد مہر،برآمد شدہ گاڑیوں کوان کے حقیقی مالکان کے حوالے کیا جائے ، ویسٹ زون میں اجلاس
کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایف آئی آر کے اندراج میں عذر یا پس و پیش سے کام نہ لیا جائے ، برآمد شدہ تمام گاڑیوں کی سپردگی ان کے حقیقی مالکان کو یقینی بنائی جائے ۔ یہ ہدایات آئی جی سندھ نے زون ویسٹ میں امن وامان کی صورتحال کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ اجلا س میں ایڈیشنل آئی جی کراچی، ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز سندھ، ڈی آئی جی ویسٹ، ڈی آئی جی فنانس، اے آئی جی آپریشنز،لیگل، کمپلین سیل کے علاوہ زون ویسٹ کے ضلعی ایس ایس پیز اورایس ایس پیز انویسٹی گیشن نے شرکت کی۔آئی جی سندھ مشتاق احمد مہر نے ایڈیشنل آئی جی کو مزید ہدایت کرتے کہا کہ کاروں، موٹرسائیکلوں و دیگر گاڑیوں کی چوری اور چھینے جانے کی وارداتوں پر کنٹرول کو یقینی بنایا جائے اور برآمد شدہ تمام گاڑیوں کو ان کے حقیقی مالکان کی سپردگی میں دیا جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ گھریلو اور ہوٹلز ملازمین کی رجسٹریشن کے عمل کو یقینی بنایا جائے ۔ مشتاق احمد مہر کا مزید کہنا تھا کہ منشیات، جوئے اور دیگر سماجی برائیوں کے اڈوں،ان کے کارندوں اور سرپرستوں کے خلاف سخت اور مربوط ایکشن کو کامیاب اور نتیجہ خیز بنایا جائے ۔ خواتین و بچوں کے خلاف ہونے والے جرائم سمیت اپنی شکایات یا مسائل کے حل کے لئے تھانوں سے رجوع کرنے والے شہریوں کی ایف آئی آر کے اندراج میں کسی قسم کی تاخیر یا پس و پیش سے کام نہ لیا جائے ،فوری ایف آئی آر درج کریں اور موثر تفتیش و تحقیق کی بدولت متاثرین کو انصاف کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔