پابندی کے باوجود شہر میں بھاری گاڑیوں کا داخلہ جاری

پابندی کے باوجود شہر میں بھاری گاڑیوں کا داخلہ جاری

قائد آباد، شاہ لطیف،فریئر،قیوم آباد ودیگر علاقے شامل، ٹریفک کی روانی متاثر،پابندی پر سختی سے عمل، ملوث افسران و اہلکاروں کیخلاف کارروائی کی جائے ، شہری

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر میں ایک بار پھر بھاری گاڑیوں کے داخلے پر پابندی پر عملدرآمد روک دیا گیا۔ عدالتی احکامات کے باوجودٹریفک پولیس دن کے اوقات میں شہر میں بھاری گاڑیوں کو داخلے کی اجازت دے رہی ہے ، جس کے باعث حادثات کی شرح میں بھی اضافہ ہو گیا ہے، شہر میں بھاری گاڑیوں کے باعث آئے روز ٹریفک حادثات میں شہری جانوں سے محروم ہو رہے ہیں۔ تفصیلات کے ٹریفک سیکشن قائد آباد ،شاہ لطیف ٹاؤن، فریئر سیکشن ،قیوم آباد، ٹیپو سلطان، کارساز،کورنگی بروکس چورنگی،کورنگی عوامی کالونی، شرافی گوٹھ،ٹریفک سیکشن نیپا چورنگی سہراب گوٹھ اور جیل چورنگی پر تعینات ٹریفک پولیس اہلکار نیشنل ہائی وے، منزل پمپ فلائی اوور اور مائی کلاچی کی جانب سے آنے والے ٹریلرز، واٹر ٹینکرز اور دیگر بھاری گاڑیوں کے ڈرائیوروں سے مبینہ طور پر رشوت وصول کر کے شہر میں داخل ہونے کی اجازت دے رہے ہیں۔ شہر میں دن کے اوقات میں بھاری گاڑیوں پر پابندی عائد ہے تاہم مختلف شاہراہوں پر ان کی روانی جاری ہے۔ شاہراہ پاکستان،جام صادق پل ،کورنگی روڈ ،بوٹ بیسن ، مائی کولاچی ،یونیورسٹی روڈ،سائٹ ایریا سمیت دیگر شاہراہوں پر ٹریفک پولیس بھاری گاڑیوں کو مقررہ اوقات میں چلوانے میں ناکام نظر آتی ہے۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ دن کے اوقات میں بھاری گاڑیوں کے شہر میں داخلے پر عائد پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے اور ٹریفک پولیس کے ملوث افسران و اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں