کے ایم سی اور ڈی ایم سیز کے 555 نالوں کی صفائی کیلئے لائحہ عمل بنانے کی ہدایت

کے ایم سی اور ڈی ایم سیز کے 555 نالوں کی صفائی کیلئے لائحہ عمل بنانے کی ہدایت

نالوں کی صفائی بھی محمود آباد کے پیٹرن پر کی جائے، وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس، صفائی کیلئے مزید 316 ملین روپے کے فنڈز کی ضرورت ہے، کمشنر کراچی نوید شیخ کی بریفنگ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرصدارت پراونشل کوآرڈی نیشن اینڈ امپلی منٹیشن کمیٹی (پی سی آئی سی ) کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبائی وزرا سعید غنی، ناصر شاہ، مشیر قانون مرتضیٰ وہاب، کورکمانڈر کراچی، چیف سیکریٹری، چیئرمین پی اینڈ ڈی، ڈی او سی میجر جنرل عقیل، پرنسپل سیکریٹری، کمشنر کراچی، سیکریٹری بلدیات، ایڈمنسٹریٹر کراچی، ایم ڈی واٹر بورڈ اور دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے ۔ اجلاس میں کمشنر کراچی نے آگاہی دی کہ محمود آباد، گجر ، اورنگی نالوں کی صفائی کا کام جاری ہے، ضلع جنوبی میں 38 نالے، شرقی میں 44، غربی میں 65، وسطی میں 51، ملیر میں 41، کورنگی میں 51 اور کیماڑی میں 35 نالے ہیں۔ ان نالوں کی صفائی کیلئے لوکل باڈیز 119 ملین روپے اپنے وسائل سے خرچ کرے گی۔ کمشنر کراچی نوید شیخ نے کہا کہ نالوں کی صفائی کیلئے مزید 316 ملین روپے کے فنڈز کی ضرورت ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ نالوں سے تجاوزات ہٹانے سے متاثر ہونے والے لوگوں کو معاوضہ دیا گیا ہے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ کے ایم سی کے 41 نالوں اور ڈی ایم سی کے 514 نالوں کی صفائی کی بھی ضرورت ہے۔ انہوں نے محکمہ بلدیات کو ہدایت کی کہ ان نالوں کی صفائی بھی محمود آباد کے پیٹرن پر کی جائے ۔محکمہ بلدیات ان نالوں کی صفائی کا پی سی ون بنائے ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ محمود آباد نالے کے اطراف 7.5 کلومیٹر حصہ کلیئر کر دیا گیا ہے جبکہ معاوضے کے 49 چیک تقسیم کردیئے گئے ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں