بڑے نالے برسات کیلئے مختص، فٹ پاتھ اور سڑک کے نیچے سیوریج لائن ہوگی، کمشنر کو بریفنگ

بڑے نالے برسات کیلئے مختص، فٹ پاتھ اور سڑک کے نیچے سیوریج لائن ہوگی، کمشنر کو بریفنگ

محمود آباد، گجر اور اورنگی نالوں پر تعمیراتی کام شروع کر دیا گیا، اطراف میں سڑک اور فٹ پاتھ تعمیر کی جا رہی ہے، مظہر خان، افسران این ای ڈی یونیورسٹی کے ماڈل پر پوری طر ح عمل کریں، نوید شیخ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کمشنر کراچی نوید شیخ نے ڈپٹی کمشنرز، بلدیہ عظمیٰ اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ محمود آباد، گجر نالہ اور اورنگی برساتی نالوں پر ری ماڈلنگ کے کام کی رفتار تیز کریں تاکہ منصوبہ جلد مکمل کیا جاسکے۔ وہ اپنے دفتر میں اورنگی نالہ پر تجاوزات ہٹانے کے کام کا جائزہ لینے کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ اجلاس میں سائٹ ایسو سی ایشن کے وفد نے بھی شرکت کی۔ کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ این ای ڈی یونیورسٹی کے ماہرین کے بنائے گئے ماڈل پر پوری طر ح عمل کریں تاکہ برساتی پانی کی نکاسی میں حائل رکاوٹیں دور ہوں۔ سینئر ڈائریکٹر بلدیہ عظمیٰ مظہر خان نے اجلاس کو بتایا کہ محمود آباد میں تجاوزات ہٹانے کا کام مکمل کر لیا گیا، برساتی نالہ پر تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے، ساڑھے تین کلو میٹر نالہ کی ری ڈیزائننگ کی جارہی ہے ، نالے کے اطراف بارہ بارہ فٹ کی سڑک اور تین تین فٹ کی فٹ پاتھ تعمیر کی جا رہی ہے۔گجر نالہ پر بھی کام شروع کر دیا گیا ،سات کلو میٹر پر تجاوزات ہٹادی گئیں جبکہ چھ کلو میٹر پر کام جاری ہے۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ اورنگی نالہ پر تجاوزات ہٹانے اور تعمیرات کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ اجلاس کو بتا یا گیا کہ برساتی نالوں کے اطراف سڑک اور فٹ پاتھ کے نیچے سیوریج لائن بچھائی جائے گی، برساتی نالے ماڈل برساتی نالے ہوں گے جو صرف برساتی پانی کی نکاسی کیلئے استعمال ہو سکیں گے۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنرون اسد علی خان سمیت دیگر افسران اور سائٹ ایسو سی ایشن کے وفد نے بھی شرکت کی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں