بابا بھٹ آئی لینڈ پر جیٹی اور ہاکس بے روڈ جلد تعمیر کرنے کی ہدایت

بابا بھٹ آئی لینڈ پر جیٹی اور ہاکس بے روڈ جلد تعمیر کرنے کی ہدایت

کیماڑی اور غربی کے اضلاع میں وسائل کی تقسیم منصفانہ ہوگی ، کسی کی حق تلفی نہیں کریں گے ،وزیر بلدیاتڈی ایم سیز کے ملازمین اور او زیڈ ٹی شیئر کی تقسیم سیٹ فارمولا کے تحت کر رہے ہیں،ناصرحسین شاہ کا خطاب

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹوزرداری کے وژن کے مطابق ضلع کیماڑی بنایا گیا ہے ، کیماڑی ہمارے دل کے قریب ہے ، ضلع کی ترقی پر سندھ حکومت بھرپور توجہ دے رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع غربی بھی ہمارا ہے ، دونوں اضلاع میں وسائل کی تقسیم منصفانہ ہوگی اور کسی کی حق تلفی نہیں کریں گے ۔صوبائی وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے ضلع کیماڑی سے متعلق اہم اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کہا کہ ڈی ایم سیز کے ملازمین اور او زیڈ ٹی شیئر کی تقسیم سیٹ فارمولا کے تحت کر رہے ہیں، کسی سے نا انصافی نہیں کریں گے ۔ اجلاس میں پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی قادر پٹیل نے کیماڑی کے مسائل اور ترقیاتی کاموں سے متعلق صوبائی وزیر بلدیات کو آگاہی دی، جس پر سید ناصر حسین شاہ نے ہدایات دیں کہ مین ہاکس بے روڈ اور مسان روڈ کی تعمیر جلد از جلد مکمل کی جائے تاکہ شہریوں کو آمدرفت میں آسانی ہو، بابا بھٹ آئی لینڈ پر جیٹی کی تعمیر کا آغاز کیا جائے، 50 ہزار سے زائد آبادی کو آنے جانے میں سخت دشواری کا سامنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پینے کے پانی کا بہت بڑا مسئلہ ہے ، صدر آصف علی زرداری نے کیماڑی کے عوام کو آر او پلانٹس کا تحفہ دیا تھا، مچھر کالونی، سکندرآباد اور کمیلا چوک آر او پلانٹس کو سمندر سے پانی لے کر فعال بنایا جائے ۔ صوبائی وزیر بلدیات نے ایم ڈی واٹر بورڈ کو کہا کہ ضلع غربی اور کیماڑی میں آبادی تیزی سے بڑھ رہی ہے، دونوں اضلاع کی آبی ضروریات پوری کرنے کے لئے دیگر پانی کے ذرائع کی نشاندہی کی جائے ۔ صوبائی وزیر بلدیات نے کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو ہاؤسنگ پروجیکٹ سندھ حکومت کا اہم منصوبہ ہے جس میں 18 ہزار پلاٹس دیے گئے ہیں ، اسکیم کو جانے والی سڑک کی تعمیر جلد از جلد مکمل کی جائے اور پروجیکٹ میں بجلی، پانی اور گیس کی فراہمی کے کمپوننٹس شامل کر نے کے لئے نئی اسکیم تیار کی جائے ۔ اجلاس میں پیپلز پارٹی کے ایم این اے قادر پٹیل، سیکریٹری بلدیات سید نجم شاہ، ایم ڈی واٹر بورڈ اسد اللہ خان، ڈی جی کے ڈی اے ناصر عباس سومرو، ڈی جی ایل ڈی اے اسحاق کھو ڑو ، ایڈمنسٹریٹر ڈی ایم سیز ویسٹ اور کیماڑی و دیگر نے شرکت کی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں