سجاول میں ٹھگوں کا ٹولہ دکان سے لاکھوں روپے لے اڑا

سجاول میں ٹھگوں کا ٹولہ دکان سے لاکھوں روپے لے اڑا

جھڈو،محراب پور،شہدادپور میں چارافرادکار،موٹرسائیکلوں سے محروم،ٹنڈوآدم میں لڑکے سے زیادتی

بدھوتالپور،اندرون سندھ(نمائندگان دنیا) سجاول میں تاجر فیاض میمن کی موبائل فون شاپ سے دو خواتین اور تین لڑکوں پر مشتمل ٹھگوں کا ٹولہ ائرفون لینے کے بہانے چار لاکھ روپے سے زائد رقم لے اڑا۔ تاجر فیاض میمن نے بتایا کہ دو خواتین اور تین لڑکوں کو ائر فون دکھائے اس کے بعد مجھ کچھ پتا نہیں چلا کہ کیا ہوا بعد میں دیکھا تو دکان میں رکھے چار لاکھ روپے سے زائد رقم غائب تھی۔ جھڈو سے نمائندے کے مطابق جھڈو میرپورخاص ہائی وے پر رات گئے جھڈو کے رہائشی جاوید راجپوت اپنی کار میں میرپورخاص سے واپس جھڈو آرہے تھے کہ گوٹھ رمضان خشک کے قریب نا معلوم مسلح افراد نے اسلحے کے زور پر کار رکوا کر جاوید راجپوت کو شدید تشدد کا نشانہ بنا کر انہیں رسوں سے باندھ کر نزدیکی جھاڑیوں میں پھینک دیا اور کار لے کر فرار ہوگئے۔ محراب پور کے لغاری پولیس تھانے کی حدود میں رہزن اسلحے کے زور پرتوفیق لغاری سے موٹرسائیکل، موبائل فون اور نقدی چھین کر فرار ہوگئے ،آریسر محلے پھل میں محمد ابراہیم پھل کی اورناصر کالونی ٹھاروشاہ میں نجی چینل کے رپورٹر فراز ملوک مستوئی کی موٹرسائیکل نامعلوم چابی چور چراکر فرار ہوگئے۔ شہدادپور میں ملدسی روڈ پر گاؤں عبدالحکیم تالپور کے قریب تین مسلح ڈاکو اسلحے کے زور پر ڈاکٹرمشتاق راھو کو تشدد کا نشانہ بناکر زخمی کرنے کے بعد موٹر سائیکل رقم اور موبائل فون لوٹ کر فرار ہوگئے۔ ٹنڈوآدم کے بی سیکشن تھانے کی حدود احمد آباد میں 14سالہ لڑکے شہباز شاہ کو زیادتی کا نشانہ بنانے والے ملزمان احسان بلوچ، نندو لعل، عبداللہ ڈوگر، سناول ڈوگر کے خلاف لڑکے کی ماں نے مظاہرہ کرتے ہوئے بتایا کہ ملزمان ہمیں مسلسل دھمکیاں دے رہے اور تھانے میں رپورٹ درج کرانے کے باوجود پولیس کوئی کارروائی نہیں کررہی ۔ہمیں ملزمان سے تحفظ فراہم کیا جائے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں