پولیس کارروائیوں میں دو زخمی ڈاکوئوں سمیت 7ملزم گرفتار

پولیس کارروائیوں میں دو زخمی ڈاکوئوں سمیت 7ملزم گرفتار

سجاول میں زیادتی کا ملزم،سکھرمیں دومنشیات فروش 9کلوچرس سمیت دھرلیے گئے

سکھر،اندرون سندھ(نمائندگان دنیا) سکھر میں ائرپورٹ پولیس نے مقدمات میں مفرور ملزم اصغر میرانی سمیت منشیات فروش عبدالسلام عرف بابو کو 5کلو چرس سمیت جبکہ پنوعاقل پولیس نے منشیات فروش شبیر چاچڑ کو 4کلو چرس سمیت گرفتار کرلیا۔ علاوہ ازیں ریلوے پولیس روہڑی نے خفیہ اطلاع پر اکیس سال سے عدالتی مفرور ملزم کو گرفتار کر لیا ۔پولیس کے مطابق مفرور ملزم جاوید مسیح اپنے رشتے داروں سے ملنے روہڑی آیا جس کی اطلاع پر پولیس نے اسے گرفتار کرکے روہڑی ریلوے تھانے منتقل کردیا ۔ ملزم نے 1999 میں آٹے کی دو مال بردار بوگیاں رحیم یار خان سے بلوچستان کے لیے بک کروائی تھیں جنہیں چیک کرنے پر فوڈ کنڑول ایکٹ کے تحت تھانہ ریلوے پولیس روہڑی میں مقدمہ درج کیا گیا تھا اور ملزم دو تین پیشیوں کے بعد عدالت سے مفرور قرار دے دیا گیاتھا جسے تقریبا 21 سال بعد گرفتار کیا گیاہے ۔ بدھو تالپور سے نمائندے کے مطابق انچارج جنگو جلبانی انسپکٹر محمد یاسین ساریو نے گینگ ریپ کیس کے مرکزی ملزم علی شیر تھیم کوگرفتار کرلیا۔بتایا جاتا ہے کہ 24 اور 25 اپریل کی رات ملزم اور اس کا ساتھی غلام نبی تھیم دو لڑکوں نادر علی اور سکندر تھیمور کو مچھلی کے شکار کا جھانسہ دے کر کشتی پر سمندر میں لے گئے جہاں مسلسل ایک ہفتے تک دونوں کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا ۔یکم اور دو مئی کو واپسی پر دونوں لڑکوں نے اپنے والدین کو صورتحال سے آگاہ کیا جن کی شکایت پرتھانے میں رپورٹ درج کرکے دونوں لڑکوں کو میڈیکل کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ ایس ایس پی سجاول سید امداد علی شاہ کے نوٹس لینے پر انچارج تھانہ جنگو جلبانی انسپکٹر محمد یاسین ساریو نے مرکزی ملزم علی شیر تھیم کوگرفتار کرلیا جبکہ دوسرے ملزم غلام نبی تھیم کی گرفتاری کے لیے چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ٹنڈومحمدخان میں ٹنڈو غلام حیدر پولیس نے کے نانگو شاہ وایا ورڑ موری کے قریب دوران گشت مقابلے کے بعد مدد ورایو ملاح اور محمد موسیٰ دل کو زخمی حالت میں گرفتار کرتے ہوئے انکے قبضے سے بغیر لائسنس تیس بور ٹی ٹی پستول بمعہ 8عدد گولیاں اور واردات میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل برآمد کر لی ، دونوں ملزمان ضلع ٹنڈومحمدخان اور ٹھٹھہ میں متعدد مقدمات میں پولیس کو مطلوب ہیں۔ محراب پور سے نمائندے کے مطابق دریا خان مری پولیس نے مقدمہ قتل میں گرفتار ملزم عارب منگریو کی نشاندہی پر قتل میں استعمال ہونے والاپستول اور 5گولیاں برآمد کرلیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں