سندھ جرنلسٹ پروٹیکشن بل کوحتمی شکل دی جائے ،وزیراطلاعات

سندھ جرنلسٹ پروٹیکشن بل کوحتمی شکل دی جائے ،وزیراطلاعات

فنڈز موجود،قانونی تقاضے پورے کرکے میڈیاہائوسز کوواجبات کی ادائیگیاں کی جائیں،ناصر شاہ کی زیر صدارت اجلاس،بقایا جات کی وصولی کیلئے سمری تیارکرنے کی ہدایت

کراچی(اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ میڈیا ہائوسز کو واجبات کی ادائیگیاں، سندھ جرنلسٹ پروٹیکشن بل ،سندھ ڈیجیٹل میڈیا پالیسی، پیپلز میڈیا سپورٹ پروگرام ترجیحات میں شامل ہیں، ان پر کام تیز کیا جائے اور اس سلسلے میں تمام قانونی تقاضے پورے کر کے ان کاموں کو حتمی شکل دی جائے ۔ یہ ہدایات صوبائی وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے محکمہ اطلاعات کے اہم اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے دیں۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ فنڈز موجود ہیں،تمام قانونی تقاضے پورے کر کے میڈیا ہائوسز کو واجبات کی ادائیگیاں کی جائیں۔ ناصر حسین شاہ نے ہدایت دی کہ سندھ حکومت کے مختلف محکموں کی طرف اشتہارات کی مد میں نان بجٹ بقایاجات واجب الادا ہیں،ان کی وصولی کے لئے سمری تیار کی جائے تاکہ ان کی ریکوری کی جاسکے ۔ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ جرنلسٹ پروٹیکشن بل اور سندھ ڈیجیٹل میڈیا پالیسی کو حتمی شکل دی جائے ۔ علاوہ ازیں ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت کراچی واٹربورڈ کے بورڈ کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن ایکٹ کے مجوزہ مسودے کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت واٹر بورڈ کے منصوبوں حب کینال ری ہیبلی ٹیشن پروجیکٹ اور لیاری سیوریج ری ہیبلی ٹیشن پروجیکٹ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں