پی ایس وی گاڑیوں کی جانچ کیلئے مزیدچیکنگ پوائنٹس قائم

پی ایس وی گاڑیوں کی جانچ کیلئے مزیدچیکنگ پوائنٹس قائم

پوائنٹس پر گاڑیوں کو ٹائم سلپ جاری کی جائیگی،وقت سے پہلے پہنچنے پرکارروائی ہوگی،لانگ روٹ بسوں کے مالکان دو ڈرائیورز کی موجودگی یقینی بنائیں،موٹروے پولیس

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پی ایس وی (پبلک سروس وہیکل) گاڑیوں کی چیکنگ کے لیے مزید چیکنگ پوائنٹس قائم کردیے گئے ۔ترجمان موٹروے پولیس ساؤتھ زون کے مطابق آئی جی موٹر ویز اینڈ ہائی ویز سید کلیم امام کی ہدایات پر پی ایس وی گاڑیوں کے خلاف مزید سخت اقدامات لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ بس ڈرائیور ز کی لاپروائی کی وجہ سے مسافروں کو جانی ومالی نقصانات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ لہذا ڈی آئی جی موٹروے پولیس ساؤتھ زون علی شیر جکھرانی نے پی ایس وی گاڑیوں کی چیکنگ کو مزید موثر بنانے کے لیے مزید چیکنگ پوائنٹس قائم کرنے کا حکم دیا ہے ۔ ان چیکنگ پوائنٹس پر پی ایس وی گاڑیوں کو ٹائم سلپ جاری کی جائے گی جس سے وہ دیے ہوئے ٹائم کے مطابق دوسرے چیکنگ پوائنٹ پر پہنچنے کا پابند ہوگا، ٹائم سے پہلے پہنچنے کی صورت میں بس ڈرائیور کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی ۔ غلطی کے مرتکب پی ایس وی ڈرائیور اور کمپنی کے خلاف بھی سخت اقدامات لینے کا فیصلہ کیا گیا جس میں ڈرائیور کا لائسنس اور بس کا روٹ پرمٹ کینسل کروانے کی سفارش کی جائے گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ لانگ روٹ بسوں کے مالکان بس میں دو ڈرائیورز کی موجودگی کو یقینی بنائیں۔اس قسم کے سخت اقدامات کا مقصد مسافروں کی جان و مال کی حفاظت کرنا ہے ، مسافروں سے گزارش ہے کہ کسی بھی قسم کی مددکیلئے ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کریں ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں