واٹرٹینکر نے دوموٹرسائیکل سواروں کو کچل دیا

واٹرٹینکر نے دوموٹرسائیکل سواروں کو کچل دیا

حادثہ اسٹیل ٹاؤن میں پیش آیا،سائٹ میں معمر راہگیر گاڑی کا نشانہ بنا،سپر ہائی وے پر45سالہ شخص جاں بحق ،گلستان جوہر میں چار افراد زخمی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں 4افراد جاں بحق اور چار زخمی ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق اسٹیل ٹاؤن کے علاقے مین نیشنل ہائی وے شہباز پٹرول پمپ کے قریب تیز رفتار واٹر ٹینکر نے موٹر سائیکل پر سوار دو افراد کو کچل دیا ،جس کے نتیجے میں دونوں افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے ،اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور دونوں لاشوں کو اپنے تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے جناح اسپتال پہنچایا ،جہاں ایک متوفی کی شناخت 62سالہ اسماعیل ولد دھنی بخش کے نام سے کی گئی جبکہ دوسری لاش کی شناخت آخری اطلاعات تک نہیں ہوسکی تھی ،پولیس کے مطابق متوفی کی عمر 50سال کے قریب ہے۔ سائٹ ایریا حبیب چورنگی کے قریب سڑک عبور کرنے والے 65سالہ راہگیر کو تیز رفتار گاڑی نے کچل دیا ،متوفی کی لاش عباسی اسپتال پہنچائی گئی،پولیس کے مطابق لاش کے قبضے سے ایسی کوئی چیز برآمد نہیں ہوئی ہے جس کی مدد سے لاش کی شناخت ہوسکے ،پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد لاش کو سردخانے منتقل کردیا ہے ۔ سپر ہائی وے چاکر ہوٹل کے قریب تیزرفتار گاڑی کی ٹکر سے 45سالہ راہگیر نیاز سومرو ولد خان محمد جاں بحق ہو گیا ،متوفی کی لاش اسپتال پہنچائی گئی ۔گلستان جوہر پرفیوم چوک کے قریب تیز رفتار گاڑی نے تین موٹر سائیکل سواروں اور ایک راہگیر کو روند ڈالا ،حادثے کے نتیجے میں چار افراد زخمی ہوگئے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں