لیو انکیشمنٹ اور عید الاؤنس کیلئے فپواسا کا وائس چانسلرز کو خط

لیو انکیشمنٹ اور عید الاؤنس کیلئے فپواسا کا وائس چانسلرز کو خط

بڑھتی مہنگائی اور محدود تنخواہوں کی وجہ سے ادائیگی کو فوری یقینی بنانا چاہیے ،اساتذہ کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کے خلاف آواز اٹھانے کا حق رکھتے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر)فپواسا سندھ چیپٹر نے جامعات کے ملازمین کو لیو انکیشمنٹ اور عید الاؤنس کی فراہمی کے لیے سندھ کی جامعات کے وائس چانسلرز کو خط لکھ دیا۔ جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ لِیو انکیشمنٹ ملازمین کا بنیادی حق ہے ۔ تقریباً ایک دہائی سے سندھ کی بعض جامعات میں ملازمین کو یہ سہولت فراہم کرنے کے باوجود اس سال جامعات کے ملازمین کو ابھی تک الاؤنس نہیں دیا گیا۔ خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ سندھ کی تمام جامعات کے وائس چانسلرز کو ایک خط لکھا گیا ہے جس میں فپواسا سندھ چیپٹر کے صدر لیاقت علی تنیو اور جنرل سیکرٹری آصف حسین سموں کی طرف سے اس بات کی نشاندہی کی گئی ہے کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور محدود تنخواہوں کی وجہ سے اس وقت سندھ کی جامعات کے وائس چانسلرز کو عید الاؤنس/لیو انکیشمنٹ کی ادائیگی کو فوری طور پر یقینی بنانا چاہیے تاکہ جامعات کے ملازمین پر مالی بوجھ کم ہوسکے ۔ فیڈریشن آف آل پاکستان یونیورسٹیز اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن، سندھ چیپٹر نے اس سے پہلے بھی اپنی پریس ریلیز کے ذریعے یہ واضح کیا تھا کہ ایسی جامعات جنہوں نے سنڈیکیٹ سے لیو انکیشمنٹ کی منظوری نہیں کروائی ہے ، وہ فیکلٹی ممبران کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کررہی ہیں۔ فپواسا سندھ اساتذہ کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کے خلاف آواز اٹھانے کا حق رکھتی ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں