قرآن پاک کی تعلیم کونصاب کالازمی حصہ بنانے کامطالبہ
سندھ حکومت سیکولرثابت کرنے کیلئے اکثریت کے احساسات مجروح نہ کرے ،حافظ نعیم،سیدعبدالرشیدکی جانب سے سندھ اسمبلی میں اس حوالے سے قرار داد جمع کرائی جاچکی ہے
کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہاہے کہ سندھ حکومت کا صوبے میں پہلی تادسویں جماعت کے بچوں کے لیے سرکاری و نجی اسکولوں میں قرآن پاک کی تعلیم کو نصاب کا لازمی حصہ نہ بنانااور اس حوالے سے ملک کے دیگر صوبوں کی طرح قانون سازی نہ کرنا ملک کے آئین سے انحراف ہے ، سندھ حکومت ہوش کے ناخن لے اور خود کو لبرل اور سیکولر ثابت کرنے کے لیے ملک کی اکثریت کے احساسات و جذبات مجروح کرنے کی بجائے فوری طور پر سرکاری و نجی اسکولوں میں قرآن پاک لازمی پڑھانے کے حوالے سے قانون سازی کرے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے اپنے ایک مذمتی بیان میں کہا کہ سندھ اسمبلی میں جماعت اسلامی کے رکن سید عبد الرشید کی جانب سے اس حوالے سے قرارداد بھی جمع کرائی جاچکی ہے ،سندھ حکومت فوری طور پر عملی اقدامات کرے اور لیت و لعل کا مظاہرہ کرتے ہوئے تاخیری حربے اختیار نہ کرے ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ بلاول بھٹو زرداری، پیپلزپارٹی اور ملک کا سیکولر طبقہ بار بار ملک میں آئین پر عملدرآمد کی بات کرتا ہے ،پیپلزپارٹی اور بلاول بھٹو 1973 کے آئین کی بہت بات کرتے ہیں،اسی آئین کی شق31(2) کے مطابق ریاست کی ذمہ داری ہے کہ مسلمانوں کو قرآن پاک اور اسلامیات لازمی پڑھائی جائے گی اور عربی زبان سکھانے کی بھی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔