حکمران حضرت علیؓ کے فلسفے کے مطابق فیصلے کریں،ثروت قادری

حکمران حضرت علیؓ کے فلسفے کے مطابق فیصلے کریں،ثروت قادری

بد امنی کی اہم وجہ حکمرانوں کے قول وفعل میں تضادہے ، ایثار کا جذبہ نظر نہیں آتا،حضرت علی ؓ کی تعلیمات ودور اقتدار مسلم امہ وحکمرانوں کے لئے مشعل راہ ہے ،بیان

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ امیر المومنین حضر ت علی ؓ نے خلافت کے منصب پر فائز ہوکر ثابت کردیا کہ کسی بھی قسم کا نظام حکومت اس وقت تک کامیاب نہیں ہوسکتا جب تک اس کی بنیادوں میں جذبہ ایثار وقربانی اور عدالت قائم نہ ہو،حکمران حضرت علی رضی اللہ عنہ کے فلسفے پر چلتے ہوئے فیصلے کریں اور ایثار وقربانی کے جذبے کو اختیار کریں تو ملک سے دہشتگردی،انتہاپسندی اور بد عنوانی کے خاتمے کے ساتھ ملک مستحکم ہونے کی طرف گامزن ہوگا۔جاری بیان میں ثروت قادری نے مزید کہا کہ ملک میں بد امنی کی اہم وجہ حکمرانوں کے قول وفعل میں تضاد اور ان میں ایثار وقربانی کا جذبہ دیکھنے میں نہیں آتا،حضرت علی کا دور خلافت مسلم حکمرانوں کیلئے مشعل راہ ہے ۔ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ دربار رسالت ؐ سے حضرت علیؓ کو باب العلم کا خطاب عطا ہوا سرکار دوعالم ؐ نے آپ کو بہتر فیصلے کرنے والا قرار دیا، حضرت علی ؓ کی زندگی مسلمانوں کے لئے مشعل راہ ہے آپ اللہ عزوجل اور اسکے حبیب حضرت محمد مصطفیؐ کی خوشنودی کیلئے جئے اور اسی راہ میں اپنی جان قربان کردی،انہوں نے کہا کہ انسانیت کی خدمت کو شعار بناکر ہی احساس محرومی کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے ، حکمران عوام کو مسائل کی دلدل سے نجات دلانے کیلئے دعوؤں کے بجائے عملی اقدامات کریں،حضرت علیؓ کی تعلیمات حکمرانوں کے لئے مشعل راہ ہیں ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں