حضرت علیؓ کایوم شہادت مذہبی عقیدت و احترام سے منایاگیا

حضرت علیؓ کایوم شہادت مذہبی عقیدت و احترام سے منایاگیا

خواتین ،بچوں اوربغیرماسک پہنے افراد کومرکزی جلوس میں داخلے کی اجازت نہیں تھی،جلوس مرکزی راستوں سے ہوتاہواحسینیہ ایرانیان کھارادرپرختم ،سیکیورٹی کے سخت انتظامات

کراچی (اسٹاف رپورٹر) یوم شہادت حضرت علی کرم اللہ وجہہ کراچی سمیت ملک بھر میں مذہبی عقیدت و احترام سے منایا گیا،کراچی میں یوم علیؓ کا مرکزی جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان کھارادر پر اختتام پذیر ہوگیا۔ جلوس عزا میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔جلوس سے قبل نشتر پارک میں صبح سات بجے مجلس عزا منعقد ہوئی جس سے علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے خطاب کرتے ہوئے شہادت حضرت علی کرم اللہ وجہہ پرروشنی ڈالی اور فضائلِ حضرت علیؓ بیان کئے ۔مجلس کے بعد یومِ علیؓ کا مرکزی جلوس نشترپارک سے بوتراب اسکاؤٹس کی قیادت میں برآمد ہوا جو اپنے روایتی راستوں، نمائش چورنگی، سی بریز پلازہ، صدر، ریگل چوک، تبت سینٹر، ریڈیو پاکستان سے ہوتا ہوا، کھارادر میں امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان پر اختتام پذیرہوگیا۔ عزاداروں نے کورونا ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے یوم علیؓ کے جلوس میں شرکت کی۔ احتیاطی تدابیر کے تحت خواتین اور بچوں کوبرآمد ہونے والے جلوس میں شرکت کی اجازت نہیں دی گئی جبکہ بغیر ماسک پہنے افراد کو جلوس میں شرکت کی اجازت نہیں تھی۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے ۔ سیکیورٹی کیلئے پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات تھی۔جلوس کے راستے میں آنے والی مارکیٹوں اور دکانوں کو سیل جبکہ گلیوں کو کنٹینرز لگا کر بند کیا گیا تھا، بلند عمارتوں پر ماہر نشانہ باز بھی تعینات تھے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں