سبزی منڈی، پھلوں و سبزیوں کے کاروبار کیلئے پلاٹ پر خلاف قانون بینک کی اجازت

سبزی منڈی، پھلوں و سبزیوں کے کاروبار کیلئے پلاٹ پر خلاف قانون بینک کی اجازت

مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے رضامندی اور اجازت کے بعد نجی بینک کی انتظامیہ نے تعمیراتی سرگرمیاں تیز کردیں،غیر قانونی عمل کے نتیجے میں اطراف میں پارکنگ کے مسائل بھی پیدا ہوجائیں گے ،تاجروں کا اظہار تشویش

کراچی (رپورٹ:مظہر علی رضا) سبزی منڈی میں مارکیٹ کمیٹی کی مبینہ بے ضابطگیوں اور غیر قانونی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری ہے اور نئی واردات میں فروٹ سیکشن میں پھلوں و سبزیوں کے کاروبار کیلئے مختص پلاٹ پر غیر قانونی طور پر بینک کے قیام کی اجازت دیدی گئی ہے ۔تفصیلات کے مطابق سپر ہائی وے پر قائم نئی سبزی منڈی میں مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے فروٹ سیکشن کے بلاک سی سیون ایف میں پلاٹ نمبر11پر ایک نجی بینک کے قیام کی اجازت دی گئی ہے جو خلاف ضابطہ اور قوانین کے برعکس ہے ۔اس ضمن میں ذرائع کا کہنا ہے کہ مارکیٹ کمیٹی نے مبینہ طور پر رشوت وصولی کے بعد نجی بینک کو پھلوں و سبزیوں کی خرید و فروخت کیلئے مختص پلاٹ پر تعمیرات کی اجازت دی ہے جس کے بعد نجی بینک کی انتظامیہ نے تیزی سے تعمیراتی سرگرمیاں شروع کردی ہیں،سبزی منڈ ی کے ذرائع نے اس ضمن میں مزید بتایا ہے کہ اس سے قبل بھی ماضی میں اسی پلاٹ پر نجی بینک کے قیام کیلئے تعمیرات شروع کی گئی تھیں جو بعد ازاں نامعلوم وجوہات کی بنا پر روک دی گئی تھیں،تاہم اب ایک بار پھر مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے رضامندی اور اجازت دینے کے بعد نجی بینک کی انتظامیہ نے تعمیراتی سرگرمیاں تیز کردی ہیں جس نے اطراف کے تاجروں میں تشویش کی لہر پیدا کردی ہے ،اس ضمن میں سبزی منڈی کے تاجروں کا کہنا ہے کہ فروٹ سیکشن میں پھلوں و سبزیوں کے کاروبار کیلئے مختص جگہ پر بینک کی تعمیر سراسر سبزی منڈی کے ماسٹر پلان کی خلاف ورزی اور غیر قانونی عمل ہے جبکہ غیر قانونی طور پر قائم ہونے والے اس بینک کے نتیجے میں اطراف میں پارکنگ کے مسائل بھی پیدا ہوجائینگے ،سبزی منڈی کے تاجروں نے نیب سے مطالبہ کیا ہے کہ فروٹ سیکشن میں بینک کے قیام کی اجازت کا نوٹس لیا جائے اور دیگر دکانوں میں بھی غیر متعلقہ کمرشل سرگرمیوں کا نوٹس لیتے ہوئے مارکیٹ کمیٹی کے ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور نجی بینک کی انتظامیہ کو فوری طور پر تعمیراتی سرگرمیاں بند کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں