جیوگرافک انفارمیشن سسٹم، سندھ میں جنگلات کی تفصیلات جدید انداز میں ڈھالنے کا منصوبہ

جیوگرافک انفارمیشن سسٹم، سندھ میں جنگلات کی تفصیلات جدید انداز میں ڈھالنے کا منصوبہ

ڈیجیٹل ڈیٹا کے ذریعے مانیٹر کرکے لکڑیوں کی چوری اور جنگلات پر قبضے کی کوششوں کو ناکام بنایا جاسکے گا،جنگلات کی میپنگ کے لیے محکمہ قانون سے بھی رائے لی جائے ،وزیر جنگلات ناصر شاہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر جنگلات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ جیو گرافک انفارمیشن سسٹم (جی آئی ایس )میپنگ جنگلات کی دیکھ بھال اور حفاظت کے لئے اہم منصوبہ ہے ، اس پر محکمہ منصوبہ بندی کے اعتراضات ختم کروا کر کام کا آغاز کیا جا ئے ۔ یہ بات انہوں نے جنگلات کی جی آئی ایس میپنگ سے متعلق محکمہ جنگلات کے ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ اعلیٰ عدلیہ نے بھی جنگلات کی جی آئی ایس میپنگ اور ڈیمارکیشن کے احکامات جاری کئے ہیں۔اس ضمن میں محکمہ منصوبہ بندی کے اعتراضات دور کئے جائیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ کچے کے علاقے کی دس لاکھ ایکڑ اراضی سمیت پکے کے علاقوں اور مینگروز فاریسٹ کی نگرانی آسان نہیں اس کے لئے ٹیکنالوجی کا استعمال نا گزیر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جنگلات کی جی آئی ایس میپنگ اسکیم کو سالانہ ترقیاتی پروگرام میں بھی شامل کرلیا گیاہے ، محکمہ منصوبہ بندی کے اعتراضات غلط فہمی کی بنیاد پر ہیں، محکمہ منصوبہ بندی سے اجلاس منعقد کر کے اعتراضات دور کئے جائیں اور اس سلسلے میں محکمہ قانون سے بھی رائے لی جائے تاکہ جنگلات کی میپنگ کا کام مکمل کیا جائے ۔ اجلاس میں سیکریٹری جنگلات ڈاکٹر بدر جمیل مندھرو اور دیگرنے شرکت کی۔واضح رہے کہ جنگلات کی تفصیلات کو ڈیجیٹل ڈیٹا کے ذریعے مانیٹر کرنے سے لکڑیوں کی چوری اور جنگلات پر قبضے کی کوششوں کو ناکام بنایا جاسکے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں