ڈبل چارج کے حامل ایڈمنسٹریٹرز کو فارغ کرنے کا مطالبہ

ڈبل چارج کے حامل ایڈمنسٹریٹرز کو فارغ کرنے کا مطالبہ

وزیراعلیٰ سندھ ملازمین کی فائلوں کو التوا میں رکھنے کا بھی نوٹس لیں، ذوالفقار شاہ ادائیگیاں نہ ہونے سے ہزاروں ملازمین اور ان کے خاندان مالی مشکلات کا شکار ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سجن یونین (سی بی اے) کے ایم سی کے مرکزی صدر سید ذوالفقار شاہ نے کہا ہے کہ کے ایم سی میں ایڈمنسٹریٹر اور میٹروپولیٹن کمشنر ہفتوں فائلیں التوا کا شکار بناکر شہریوں اور ملازمین کی پریشانیوں میں اضافہ کررہے ہیں، اسی طرح ڈی ایم سیز میں ڈبل چارج کے حامل ایڈمنسٹریٹرز، ڈپٹی کمشنرز بھی ہفتوں محکمہ جاتی فائلیں اور ملازمین کے واجبات، ریٹائرمنٹ کی فائلیں التوا میں رکھ کر مسائل پیدا کر رہے ہیں، ڈبل چارج کے حامل افسران کو فارغ کرنے کی سمری اور نئے ایڈمنسٹریٹرز کی تقرری کی منظوری وزیراعلیٰ سندھ گزشتہ ماہ دے چکے ہیں لیکن اس کے باوجود تعیناتیاں نہیں کی جارہیں، جبکہ فرنٹ مینوں کے ذریعے مخصوص فائلیں کلیئر کی جارہی ہیں جس سے ملازمین بے یقینی کا شکار ہورہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کے ایم سی، ڈی ایم سیز کے 25 ہزار پنشنرز 2018 کی شرح سے پنشن وصول کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں کیونکہ 2019 کا 15 فیصد اور 2020 کا 10 فیصد انہیں ادا نہیں کیا گیا۔ اسی طرح 6500 ریٹائرڈ ملازمین اور فیملی پنشنرز کو بھی ریٹائرمنٹ کے واجبات ادا نہیں کیے گئے ہیں جس سے ان 6500 ملازمین کے خاندان سماجی و مالی مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے فائلوں کے التوا کا نوٹس لینے اور واجبات کی ادائیگی کا مطالبہ کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹرز اور او پی ایس میونسپل کمشنرز کو فارغ کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں