حکومت بزرگوں،بچوں کیلئے فوڈ کوپن جاری کرے ، الطاف شکور

حکومت بزرگوں،بچوں کیلئے فوڈ کوپن جاری کرے ، الطاف شکور

بے حیثیت آرڈیننس کے بجائے حکومت بزرگوں کیلئے ٹھوس اقدامات کرتی تو زیادہ بہتر تھاضعیف افراد کی معاشی خود مختاری یقینی بنائی اور معاشرے کے بدنما پہلو اجاگر کئے جائیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاسبان ڈیمو کریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے کہا ہے کہ حکومت 60 سال سے زائد عمر کے افراد کو پنشن دے ، عام لوگ بچوں کی مہنگی تعلیم اور علاج معالجے کا بوجھ اٹھانے سے قاصر ہیں، صرف آرڈیننس پاس کر کے حکومت اپنی ذمہ داریوں سے بری الذمہ نہیں ہو سکتی، بے حیثیت آرڈیننس کے بجائے اگر حکومت بزرگوں کے لئے ٹھوس اقدامات کرتی تو زیادہ بہتر تھا۔پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں امریکا کے 401k کی طرح کوئی نظام نافذ کیا جائے تاکہ بڑھاپے میں لوگ عزت کے ساتھ جی سکیں، ضعیف العمر افراد کے لئے نجی اسپتالوں میں حکومت کی جانب سے مفت علاج معالجہ فراہم، بوڑھوں اور بچوں کے لئے فوڈ کوپن جاری کیا جائے ۔ حکومت کی جانب سے بوڑھے والدین کو گھر سے نہ نکالے جانے کے آرڈیننس پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ حکومتی آرڈیننس دنیا میں سب سے زیادہ خیرات کرنے والی پاکستانی قوم کے منہ پر طمانچہ ہے، مجموعی طور پر پاکستانی معاشرہ تسلسل کے ساتھ زوال کا شکار ہے ، قوم کی اجتماعی تربیت کی ضرورت ہے ، مغرب سے درآمد تعلیمی نصاب میں والدین کے حقوق کا کوئی باب نہیں،حکومت ضعیف افراد کی معاشی خودمختاری یقینی بنائے اور معاشرے کے بدنما پہلو اجاگر کرے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں