پاکستان، سعودیہ میں بڑھتے تعلقات خوش آئند، سابق سفیر

پاکستان، سعودیہ میں بڑھتے تعلقات خوش آئند، سابق سفیر

امریکا میں سیاسی تبدیلی کے بعد سعودیہ، ایران کے درمیان برف پگھلتی دکھائی دے رہی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سابق سفیر ڈاکٹر جمیل احمد خان نے کہا ہے کہ امریکا میں سیاسی تبدیلی کے بعد عالمی منظر نامے میں تبدیلی ہوتی نظر آرہی ہے، سعودی عرب اور ایران کے درمیان برف پگھلتی دکھائی دے رہی ہے، ان حالات میں چین اور روس کا خطے میں بڑھتا اثر و رسوخ نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ سابق سفرا ضمیر اکرم،شاہد امین اور نجم الدین شیخ کے ہمراہ مکالمے کے دوران ڈاکٹر جمیل احمد خان نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات سعودی عرب کو اعتماد میں لئے بغیر کوئی قدم شاید ہی اٹھاتا ہو، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بڑھتے تعلقات خوش آئند ہے۔ جمیل احمد خان نے کہا کہ میں بطور سفارتکار اقوام متحدہ میں بھی 9 سال خدمات انجام دے چکا ہوں ، جس کی وجہ سے مجھے بھارتی سفارت کاروں کو بہت قریب سے دیکھنے کا موقع ملا اور ان کے ساتھ مختلف مراحل پرگفت وشنید بھی ہوتی رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ سفیر کے طور پرمجھے یہ کہنے میں کوئی عار نہیں کہ پاکستان کے سفرا بھارتی سفارت کاروں سے کئی لحاظ سے بہت بہتر ہیں۔ جمیل احمد خان نے کہا کہ پاکستان کے سفرا نے عالمی فورمز پر پاکستان کا مقدمہ بھرپور انداز میں لڑا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری ترسیلات زر کا دارو مدار تارکین وطن پر ہے ، جبکہ سفارت کاروں کا کام ہے کہ غیر ممالک میں موجود پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں