شہریوں کا سینٹرل جیل کو شہر سے باہر منتقل کرنے کا مطالبہ
شہر کے درمیان سینٹرل جیل کا قیام اطراف کی آباد ی کے لیے عذاب بن گیا ہے
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سیکیورٹی خدشات کے باعث لگائے گئے جیمرز سے علاقے میں موبائل فون سروس کئی سال سے معطل ہے جس سے نیو ٹاؤن ، پی آئی بی، جمشید روڈ، یونیورسٹی روڈ، پرانی سبزی منڈی اور دیگر علاقوں کی آبادی متاثر ہو رہی ہے ۔ ایمرجنسی کال کی سہولت کے بغیر لوگوں کی عام زندگی کے معاملات ہی نہیں بلکہ کاروبار بھی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ شہریوں نے سینٹرل جیل کو شہر سے باہر منتقل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ متاثرہ شہریوں نے کہا کہ جیل کی سیکیورٹی کے نام پر عام لوگوں کو بنیادی سہولتوں سے محروم کرنا کسی طرح بھی درست نہیں، جیل کے اندر موبائل فون سروس بحال ہے تو باہر کی سروس بند کرنے کی کیا تُک ہے؟۔ خیال رہے کہ ماضی میں سینٹرل جیل میں کیے گئے آپریشن کے دوران قیدیوں سے بڑی تعداد میں موبائل فون برآمد ہونے سے جیل کے اندر موبائل نیٹ ورک فعال ہونے کا انکشاف ہو چکا ہے۔