انتہا پسندی کے فروغ کیلئے موساد فنڈنگ کر رہی، ثروت قادری
بیت المقدس کی بے حرمتی اور سیکڑوں مسلمانوں کو زخمی کرنے کی شدید مذمت کرتے ہیںحکومت بیت المقدس حملے پر ہر فورم پر آواز بلند کرے ،سربراہ سنی تحریک
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سربراہ پاکستان سنی تحریک ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی چڑھائی فرعونیت ہے، بیت المقدس کی بے حرمتی اور سیکڑوں مسلمانوں کو فائرنگ سے زخمی کرنے کی شدید مذمت کرتے ہیں، یہودی لابی مذہبی جنونیت میں سب سے بڑی دہشت گرد ہے۔ مرکز اہلسنّت سے جاری بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ مسلم دنیا میں مسلمانوں کو نشانہ بنانے اور انتہا پسندی کو فروغ دینے کیلئے موساد فنڈنگ کر رہی ہے ، بیت المقدس پر ناجائز اسرائیلی قبضے کو فوری ختم کرایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اور او آئی سی فلسطینی عوام پر مظالم کے خلاف خاموش کیوں ہے، مسلم ممالک بیت المقدس کی بے حرمتی اور مسلمانوں کو نشانہ بنانے کے خلاف آواز بلند کریں، اسرائیلی فوج کے مسجد اقصیٰ پر حملے ناجائز قبضے کو مضبوط بنانے کی سازش ہے، مسلم ممالک کے اتحاد سے ہی بیت المقدس اور کشمیر کو کفر کی طاقتوں سے چھٹکارا دلایا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شب قدر میں مسلمان اللہ رب العزت کی بارگاہ میں عبادت کرتے ہیں اور اسلام دشمن قوتیں مسلمانوں کو نشانہ بنانے کی سازش رچاتی ہیں، ناپاک اور بدبودار پانی کے فلسطینی عوام پر چھڑکاؤ نے اسرائیل کے ناپاک عزائم کو کھول دیا ہے، طاقت کے نشے میں مست اسرائیل اللہ کے قہر کو آواز نہ دے، فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی اور بیت المقدس پر حملے پر اسرائیلی فوج کی شدید مذمت کرتے ہیں۔