رمضان المبارک میں ناجائز منافع خوروں کیخلاف کارروائیاں,2کروڑ روپے سے زائد جرمانہ
گراں فروشوں پر کراچی میں ایک کروڑ 8 لاکھ 85ہزار، حیدرآباد34لاکھ 43ہزار، لاڑکانہ 7لاکھ 85 ہزار، میرپورخاص 21 لاکھ 28ہزار، شہیدبینظیرآباد میں 15لاکھ 23 ہزار روپے جرمانہ کیاگیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے بیورو آف سپلائی اینڈ پرائسز ڈاکٹر کھٹو مل جیون کی ہدایت پر رمضان المبارک کے دوران صوبے بھر میں 76 ہزار سے زائد دکانوں، پھل و سبزی فروشوں اور دیگر اشیا خورونوش فروخت کرنے والوں کو چیک کیاگیا جبکہ ناجائز منافع خوری پر 13 ہزار سے زائد گراں فروشوں اور دکانداروں پر 2 کروڑ روپے سے زائد جرمانہ عائد کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی ڈویژن میں 3 ہزار سے زائد منافع خوروں پر 1 کروڑ 8 لاکھ 85 ہزار روپے ،حیدرآباد ڈویژن میں 3 ہزار سے زائد منافع خوروں پر 34 لاکھ 43 ہزار روپے ،لاڑکانہ ڈویژن میں 16 سو سے زائد منافع خوروں پر 7 لاکھ 85 ہزار روپے، میرپور خاص ڈویژن میں 16سو سے زائد منافع خوروں پر 21 لاکھ 28 ہزار روپے ، شہید بے نظیر آباد میں 18 سو سے زائد منافع خوروں پر 15 لاکھ 23 ہزار روپے، سکھر ڈویژن میں 21 سو منافع خوروں پر 14 لاکھ 96 ہزار روپے سے زائد جرمانہ عائد کیا گیا۔ ادھر پیر کو کراچی کے تمام اضلاع کے مختلف علاقوں میں مجموعی طور 78 گراں فروشوں کے خلاف کارروائی کر کے ان پر 2 لاکھ25 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔ ایڈمنسٹریٹرز اور ڈپٹی کمشنرز کی جانب سے ضلع جنوبی میں 15، شرقی 8، وسطی 21، ملیر 19، کورنگی 7 اور ضلع کیماڑی میں 8منافع خوروں کے خلاف کارروائی کی گئی۔