مختلف علاقوں میں کچرے کے ڈھیر ، گندا پانی جمع، شہری پریشان

مختلف علاقوں میں کچرے کے ڈھیر ، گندا پانی جمع، شہری پریشان

میرپورخاص کے اسماعیل شاہ قبرستان میں گنداپانی داخل، متعدد قبریں زیر آب

میرپورخاص، اندرون سندھ (بیورورپورٹ، نمائندگان دنیا) اندرون سندھ مختلف علاقوں میں گندگی کے ڈھیر اور سیوریج کے پانی سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ میرپورخاص کے قدیم اسماعیل شاہ قبرستان میں سیوریج کا پانی داخل ہونے کی وجہ متعدد قبریں گندے پانی میں ڈوب گئی ہیں، جس کی وجہ سے اپنے پیاروں کی قبروں پر فاتحہ خوانی کیلئے آنے والے لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ، شہریوں نے متعلقہ افسران سے مطالبہ کیا ہے کہ قبرستان میں سیوریج کا پانی چھوڑنے والے افراد کے خلاف کارروائی کی جائے ۔سکھر انتظامیہ اور پبلک ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کی نااہلی کے باعث شہر میں صفائی کی صورتحال انتہائی خراب ہوتی جا رہی ہے ،شہر میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر جمع ہونے کے بعد اب شہر کے مختلف علاقوں میں گٹروں اور نالیوں کی صفائی نہ ہونے کی وجہ سے گندا پانی سڑکوں پر جمع ہونا رو ز کا معمول بنتا جا رہا ہے ، سکھر کے مختلف علاقوں غوثیہ مسجد، کپڑا مارکیٹ ،چھنچرگھٹی ، انصاری محلہ ، اہل حدیث مسجد، مرچ بازار اور دیگر رہائشی علاقوں میں جگہ جگہ گندگی غلاظت کے ڈھیر جمع ہو گئے ہیں اور نکاسی آب کا نظام بری طرح مفلوج ہوگیا ، شہریوں و سماجی تنظیموں فوری طور پر صفائی کامطالبہ کیاہے ۔ روہڑی کے قریب نیو پنڈ میں سیوریج کا پانی جمع ہونے سے شہریوں کو آمدو رفت میں دشواری کا سا منا کرنا پڑ رہا ہے ۔ شکایات کے باجود متعلقہ حکام نے آنکھیں بند کرلی ہیں ۔اوستہ محمد میں گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں اور شاہی بازار جناح روڈ،حسین آباد محلہ،یعقوب محلہ،سومرو محلہ،سلیم کالونی ریشم گلی اور دیگر علاقوں میں سیوریج کا پانی جھیل کا منظر پیش کر رہا ہے ۔ تاجر برادری نے صفائی کا مطالبہ کرتے ہوئے شٹر ڈاؤن ہڑتال کی دھمکی دی ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں