عید قریب آتے ہی چوری ، لوٹ مار کی وارداتوں میں اضافہ
سکھر میں ملزمان نے ایک ہفتے کے دوران درجنوں موٹر سائیکل چوری کرلیں
سکھر، اندرون سندھ (نمائندگان دنیا) عید قریب آتے ہی اندرون سندھ چوری اور لوٹ مار کی وارداتوں میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق سکھر میں ایک ہفتے کے دوران نامعلوم چور نے مختلف تھانوں کی حدود سے درجنوں موٹر سائیکل چوری کر کے فرار ہوگئے ، پولیس مسروقہ موٹر سائیکلیں برآمد کرانے میں ناکام ہوگئی ہے ، گزشتہ روز تھانہ سی سیکشن کی حدود مینارہ روڈ سے نامعلوم چور رفیع رضا کی موٹر سائیکل چوری کرکے فرار ہو گئے ، شہریوں نے مسروقہ موٹر سائیکلیں برآمد کرانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ ٹنڈوآدم اور اس کے گردونواح میں وارداتوں میں اضافہ ہو گیا ہوگیا ہے۔ایک ماہ کے دوران10سے زائد موٹر سائیکلیں چوری یا چھین لی گئیں ، شہر کے مرکز سے فیکٹری منیجر سے 10 لاکھ روپے چھین لئے گئے ۔ تین چیک پوسٹیں فوجی موڑ پر محمد صادق مری ، جھول روڈ پر مزار مری پوسٹ، کھنڈروڈ پر شہید اے ایس آئی محمد علی کھوسو چیک پوسٹ کو عرصہ دراز سے تالے لگا دئیے گئے ہیں ، جس کے باعث ملزمان با آسانی فرار ہو جاتے ہیں ۔ سکرنڈ میں عید قریب آتے ہی کم عمر بھکاری بچے ہاتھ کی صفائی دکھانے لگے ، جھولے لال میڈیکل اسٹور سے کم عمر بھکاری بچہ 50 ہزار روپے مالیت کا موبائل فون لے اڑا، شہر میں کم عمر بھکاری بچوں کی تعداد میں اضافہ ہوگیا اور چوری کی وارداتیں بڑھ گئی ہیں ۔ اوستہ محمد میں ایک ہی رات میں پانچ گھروں کا مکمل صفایا کردیا گیا، شہری اپنی جمع پونجی سے محروم ہوگئے ہیں ، گھروں میں ڈکیتی، دکانوں کے تالے توڑ کر چوری کی وارداتیں روز کا معمول بن گئی ہیں ، شہریوں ا و ر تاجر برادری نے متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیاہے۔