بھارت میں قید ماہی گیروں کے گھروں میں فاقے

بھارت میں قید ماہی گیروں کے گھروں میں فاقے

تنگدستی کے باعث ماہی گیروں کے بچے عید پر خوشیوں سے محروم رہ گئے ،فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی نے بھی قیدیوں کے ورثا کی مدد سے منہ موڑ لیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سالوں سے بھارت میں قید پاکستان ماہی گیروں کے ورثا اس عید پر بھی اپنے پیاروں کی راہ تکتے رہ گئے ، قیدی ماہی گیروں کے ورثا کے گھروں میں فاقہ کشی برقرار، تنگدستی کے باعث بچے عید پر اپنی خوشیوں سے محروم رہ گئے ، فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی نے بھی قیدی ماہی گیروں کے ورثا کی مدد سے منہ موڑ لیا۔ تفصیلات کے مطابق سمندری حدود کی آڑ میں بھارتی نیوی کے ہاتھوں گرفتار 100 سے زائد پاکستانی ماہی گیروں کے ورثا میں شدید بے چینی پھیل گئی ہے ۔ اس سلسلے میں گزشتہ 4 سالوں سے بھارتی جیل میں قید پاکستانی ماہی گیر مشتاق احمد ولد جلال احمد، محمد رمضان ولد محمد صابر، فرید عالم ولد قاسم و دیگر کے ورثا کا کہنا ہے کہ جب سے ان کے پیارے بھارتی نیوی کے ہاتھوں گرفتار ہوئے ہیں اس دن سے ہمارے گھر کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہمارے گھروں کے واحد کفیل پاکستانی سمندری حدود سے گرفتار کر لئے گئے تھے ، لیکن 4 سال گزر جانے کے باوجود بھی ان کی رہائی کی کوئی خبر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب سے ہمارے پیارے گرفتار ہوئے ہیں تب سے ہمارے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں، حالات دن بدن اتنے بدتر ہوگئے ہیں کہ اب وہ فاقہ کشی پر مجبور ہیں۔ جبکہ اس عید پر بھی قیدی ماہی گیروں کے چھوٹے بچے عید کی خوشیوں سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی کی طرف سے ان کی کوئی مدد نہیں کی گئی ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں