رمضان میں مددگار 15کی کارروائیاں،31ملزمان گرفتار
کے قبضے سے 12 پستول، 12 موٹرسائیکلیں اور 4 موبائل فونز برآمد کیے گئے،کورونا وائرس کے مریضوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے میں بھی موثر کردار ادا کیا
کراچی(اسٹاف رپورٹر)پولیس مددگار 15 ہمیشہ سے دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کیساتھ جرائم کیخلاف برسر پیکار ہے لیکن وقت حاضر میں مددگار 15 صرف جرائم کے خلاف ہی نہیں بلکہ کورونا وائرس کے خلاف بھی مقابلہ کر رہی ہے۔ جوانوں کی صحت اور زندگیوں کے تحفظ کا خیال رکھتے ہوئے مددگار 15 ایمرجنسی صورتحال میں بروقت رسپانس کر رہی ہے ۔ترجمان مددگار پولیس کے مطابق رمضان المبارک کے مہینے کے دوران مددگار 15 نے شہریوں کی کالز پر بروقت کاروائیاں کرتے ہوئے 31 ملزمان کو گرفتارکیا اور ان کے قبضے سے 12 پستول، 12 موٹرسائیکلیں اور 4 موبائل فونز برآمد کئے ۔ بعد ازاں گرفتار ملزمان کو بمعہ بر آمد شدہ اشیائکے مزید قانونی کارروائی کے لئے متعلقہ تھانوں کے حوالے کر دیا گیا۔ مددگار15 دیگر فلاحی محکموں کے تعاون سے کورونا وائرس کے مریضوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے میں بھی موثر کردار ادا کر رہی ہے ۔ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن مقصود احمد نے مددگار 15 کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مددگار 15 کی خدمات حاصل کریں۔مزید برآں ایس ایس یو ہیڈ کوارٹرز میں پولیس اہلکاروں کے لئے COVID-19 ویکسینیشن مرکز قائم کیا جاچکا ہے جس میں اب تک 1551 اہلکاروں کی ویکسینیشن کی جا چکی ہے ۔جبکہ ایس ایس یو ویکسینیشن سنٹر کے علاوہ پولیس اہلکاروں کے لئے تین دیگر مراکز بھی قائم کئے گئے ہیں جہاں ویکسینیشن کا عمل جاری ہے۔