سنی تحریک کے تحت اسرائیل مردہ باد احتجاجی مظاہرہ

سنی تحریک کے تحت اسرائیل مردہ باد احتجاجی مظاہرہ

اقوام متحدہ انصاف کی بالادستی اور ظلم کو روکنے میں ناکام ہے ، فہیم شیخ ،ظلم کا خاتمہ اور انصاف قائم کئے بغیر دنیا میں امن قائم نہیں ہوسکتا، خطاب

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان سنی تحریک کے تحت کراچی پریس کلب پر مظلوم فلسطینی بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے اسرائیل مردہ باد احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔مظاہرے سے خطاب میں مرکزی رابطہ کمیٹی رکن فہیم الدین شیخ نے کہا کہ اسرائیل نہتے فلسطینیوں پر ظلم بند کرے ، ناجائز ریاست اسرائیل نے فلسطین میں ظلم وجبر کے پہاڑ توڑے ہوئے ہیں، فلسطین کی زمین خون میں رنگی ہوئی ہے ،اقوام متحدہ انصاف کی بالادستی اور ظلم کو روکنے میں ناکام ہے ، انصاف کی بالادستی اور ظلم کو ختم کرنے کیلئے اقوام متحدہ کو مثبت کردار ادا کرنا ہوگا،ظلم کا خاتمہ اور انصاف قائم کئے بغیر دنیا میں امن قائم نہیں ہوسکتا، فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے 14مئی کو یوم فلسطین منانے کے حکومت کے فیصلے کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی جارحیت و دہشتگردی کو روکنے کیلئے او آئی سی بیان دینے کے بجائے عملی اقدامات کرے ، اقوام متحدہ پر دباؤ بڑھایا جائے کے فلسطین کی سرزمین سے اسرائیل کو باہر نکالا جائے ، بیت المقدس پر قابض اسرائیلی فوج کو پیچھے دھکیلنے کیلئے کام کیا جائے ، ظالم اسرائیلی فوج نے مسجد اقصیٰ کو مقتل بنادیا ہے ، ظلم جب جب بڑھتا ہے تو ختم ہوجاتا ہے ۔اس موقع پر مرکزی رابطہ کمیٹی کے رکن محمد آفتاب قادری نے کہا کہ پاکستان سنی تحریک ہر مظلوم کی آواز ہے فلسطین کے عوام کو ظالموں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں