جیکب آبادمیں خسرہ نے دو بچوں کی جان لے لی
ٹنڈوآدم،محراب پور،کنڈیارو،پنگریو میں8افراد مختلف حادثات میں جاں بحق
جیکب آباد ،اندرون سندھ (نمائندگان دنیا ) جیکب آباد میں خسرہ کے وار جاری ہیں جس کی وجہ سے معصوم بچوں کی اموات کا سلسلہ جاری ہے ، گزشتہ روز ٹھل کے نواحی گاؤں شیر خان برڑو میں خسرہ کی وجہ سے 2 سالہ ماریہ بنت علی خان برڑو اور 4 سالہ صنم بنت میر خان برڑو فوت ہوگئیں ۔خسرہ کے باعث ضلع بھر میں رواں ماہ کے دوران اب تک 44 سے زائد بچے فوت ہوچکے ہیں جبکہ سیکڑوں بچے اس میں مبتلا ہیں، خسرہ سے بچوں کی مسلسل اموات کے باوجود محکمہ صحت مجرمانہ خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے اور متاثرہ علاقوں میں خسرہ سے بچاؤ کی ویکسین تاحال نہیں کی گئی جس کی وجہ سے مزید اموات کا اندیشہ ہے ، متاثرہ علاقوں کے مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ بچوں کی زندگیاں بچانے کے لیے فوری طور پر بچوں کو ویکسین دی جائے اور حفاظتی انتظامات کئے جائیں۔ ٹنڈوآدم سے نمائندے کے مطابق ٹنڈوآدم گائوں جان محمد کلوئی میں تیز رفتار کار کی آگے جانے والے چنگ چی کو ٹکرکے سبب چنگ چی میں سوار گائوں مبارک مجیدانوکے رہائشی 55 سالہ علی حسن مجیدانو، 55 سالہ خاتون لطیفہ اہلیہ غازی خان مجیدانو موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ متوفی خاتون کی بیٹی آٹھ سالہ ریحانہ ، دس سالہ آصف، پانچ سالہ تنویر ، 55 سالہ زیب النسائاور 26 سالہ فدا حسین زخمی ہو گئے متوفی اور زخمیوں کو تعلقہ اسپتال ٹنڈوآدم لایا گیا جبکہ زخمی نوجوان فدا حسین کو تشویشناک حالت میں حیدرآباد اسپتال روانہ کردیا گیا حادثے کے بعد کار ڈرائیور فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا پولیس نے کار کو تحویل میں لے لیا دوسری جانب ٹنڈوآدم میں مکرانی پاڑے کا رہائشی بارہ سالہ محمد بلال ولد محمد موسی ٹنڈوآدم برانچ میں دوستوں کے ساتھ نہاتے ہوئے ڈوب کر جاں بحق ہو گیا جبکہ نہر پر موجود افراد نے بچے کو نہر سے نکال کر تعلقہ اسپتال پہنچایا جہاں ڈاکٹروں نے بچے کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے لاش ورثاکے حوالے کردی ۔کنڈیارو میں سید کاٹن فیکٹری کے مقام پر کراچی سے پنجاب جانے والی تیز رفتار کار ڈرائیور کے کنٹرول سے نکل کر درخت سے ٹکراگئی جس کے نتیجے میں کار میں سوار دس سالہ لڑکا لطیف موقعے پر ہی جاں بحق اور اس کا باپ عثمان زخمی ہوگیا ۔ قومی شاہراہ پر ایک اور حادثے میں ہالانی کے مقام پر تیز رفتار کار الٹنے سے دو افراد فیاض اور طاہر ہلاک جبکہ خضر حیات اور زبیر زخمی ہوگئے ۔ موٹروے پولیس کے مطابق جاں بحق افراد کی میتوں اور زخمیوں کو مقامی دیہی مرکز ہالانی اسپتال منتقل کیا گیا ہے جن کو ان کے آبائی علاقے احمد پور شرقیہ منتقل کرنے کے لیے ان کے ورثا سے رابطہ کیا گیا ہے ۔ محراب پور سے نمائندے کے مطابق کورائی پولیس تھانے کی حدود میں ٹریکٹر اور کار میں تصادم کے نتیجے میں اکبر انڑ جاں بحق ہوگیا جس کا تعلق نیو جتوئی سے تھا،ٹریکٹر ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا، ٹریکٹر کو تحویل میں لیکرپولیس مزید تفتیش کررہی ہے ۔پنگریوکے نواحی گائوں ونگوموڑ میں 30 سالہ شادی شدہ خاتون سومری بھیل نے گھریلو تنازع پرگلے میں پھندا ڈال کرخودکشی کرلی۔متوفیہ سومری بھیل چاربچوں کی ماں تھی کھوسکی پولیس خودکشی کے واقع کی مزیدتفتیش کررہی ہے۔