پاکستان سمیت کراچی میں بھی نرسز کا عالمی دن منایاگیا
ینگ نرسز ایسوسی ایشن کا کورونا وبا میں خدمات انجام دینے پر نرسز کو مبارکباد،شعبہ صحت میں کام کرنے والے تمام نرسنگ اسٹاف قابل تعریف ہیں،عذراپیچوہو
کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان سمیت دنیا بھر میں 12مئی کو نرسز کا عالمی دن منایا گیا ۔ اس موقع پر ینگ نرسز ایسوسی ایشن سندھ کی طرف سے تمام نرسز کمیونٹی کو نرسز کے عالمی دن کے موقع پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے ساتھ ان کی لازوال قربانیوں اور خدمت کے جذبے سے سرشار اور محکمہ صحت میں اپنی شناخت بنانے اور کورونا وائرس جیسی موذی وبا سے سیسہ پلائی دیوار بن کر لڑنے پر سلام پیش کیا ۔ ایکسپوسینٹر میں انٹرنیشنل نرسز ڈے منایا گیا جس میں ڈائریکٹر نرسنگ سندھ و کوویڈ فوکل پرسن خیرالنسا نے سب فوکل پرسن سندھ کوویڈ نرسز عبدالناصر ، روتھ ضیا ، منظور ، دلشاد سمیت دیگر سینئر نرسز فیکلٹی اور سینئر نرسز کی حوصلہ افزائی کی اورنیشنل کاز کے لئے ان کے کردار کو سراہا۔ وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے عالمی دن کے حوالے سے پیغام میں کہا کہ کورونا وبا کے دوران فرنٹ لائن پر کام کرنے والی تمام نرسز کو مبارکباد اور خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا کہ اس شعبے میں کام کرنے والے تمام نرسنگ اسٹاف قابل تعریف ہیں۔ نرسنگ اسٹاف نے کورونا کے دوران تمام تر خطرات سے آگاہی کے باوجود مریضوں کا علاج کیا۔ کورونا وائرس کے دوران نرسز کے اور ان کے گھر والوں کے متاثر ہونے کے امکانات کے باوجود انہوں نے مہارت سے اپنے فرائض انجام دیے ۔