بعض علاقوں میں پانی کی قلت، ٹینکر مافیا کی چاندی، واٹر ہائیڈرنٹ کمائی کا ذریعہ بن گئے

بعض علاقوں میں پانی کی قلت، ٹینکر مافیا کی چاندی، واٹر ہائیڈرنٹ کمائی کا ذریعہ بن گئے

واٹر ٹینکر آن لائن سسٹم بیٹھ گیا ،شہریوں کا شکوہ،ہائیڈرنٹ سے پانی کی فراہمی سے واٹربورڈ کی لائنوں پرکوئی فرق نہیں پڑتا، پمپنگ اسٹیشنز پر بجلی کے بریک ڈائون سے فراہمی آب متاثر ہوئی، ترجمان واٹربورڈ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی کے بعض واٹر ہائیڈرنٹ بااثر افراد کے لیے کمائی کا بڑا ذریعہ بن گئے ، بعض علاقوں میں پانی کی قلت ہے جبکہ ہائیڈرنٹس پر پانی کی فراوانی نے عوامی حلقوں میں یہ سوال اٹھادیا ہے کہ ہائیڈرنٹ کی لائنوں میں 24 گھنٹے پانی دستیاب ہوسکتا ہے تو قلت والے علاقوں میں چند گھنٹے پانی کیوں فراہم نہیں کیا جاتا۔ واٹر بورڈ کے ذرائع نے ہائیڈرنٹس کی وجہ سے پانی کی قلت کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ 20 سے 30 ملین گیلن یومیہ ہائیڈرنٹ سے پانی کی فراہمی سے مجموعی طور پر فراہمی آب کے لائنوں کے نظام پر کوئی فرق نہیں پڑتا۔ واٹر بورڈ کے ذرائع کے مطابق پمپنگ اسٹیشنز پر بجلی کے بریک ڈاؤن سے فراہمی آب متاثر ہوئی تھی جس پر قابو پانی کی کوشش کی جارہی ہے ۔ پانی کی قلت کا نوٹس لیتے ہوئے ہائیڈرنٹس سے 24 گھنٹے شہریوں کو پانی کی فراہمی کی ہدایت کردی گئی ہے ۔بعض شہریوں کے مطابق کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈکا واٹر ٹینکر آن لائن سسٹم بیٹھ گیا جس کے باعث ٹینکر کے ذریعے پانی کے حصول میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑا تاہم واٹر بورڈ کے ذرائع نے سسٹم بیٹھنے کی تصدیق نہیں کی۔ واضح رہے کہ کراچی کے پرانے 6 اضلاع ملیر، شرقی، غربی، جنوبی، وسطی اور کورنگی میں واٹر بورڈ کے ہائیڈرنٹس قائم ہیں۔ ان ہائیڈرنٹس سے عوام کو آن لائن سسٹم اور ٹیلی فون پر بکنگ کے ذریعے سرکاری نرخوں پر ٹینکر بھیجے جاتے ہیں۔ آن لائن سسٹم سے پانی کی فراہمی کے نظام میں بہتری آئی ہے اور سفارش کا کلچر کم ہوگیا ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں