ذوالفقار آباد ٹرمینل میں پارکنگ فیس کم کرکے 400 مقرر
آئندہ 6 ماہ کیلئے 24 گھنٹے کے بعد پارکنگ کے اضافی چارج بھی موخر، لئیق احمد ،آل پاکستان ٹینکرز اونرز ایسوسی ایشن اور دیگر تنظیموں کے عہدیداران کے وفد سے گفتگو
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا ہے کہ ذوالفقار آباد آئل ٹینکرز ٹرمینل میں پارکنگ فیس کم کرکے 400 روپے اور آئندہ چھ ماہ کے لئے 24 گھنٹے کے بعد آئل ٹینکرز کی پارکنگ کے اضافی چارج موخر کردیے گئے ہیں، ٹرمینل سے حاصل ہونے والی آمدنی وہاں کے انفرا اسٹرکچر کو بہتر بنانے پر خرچ کی جائے گی، جولائی سے ٹرمینل کے تعمیراتی کام شروع کردیے جائیں گے ، 1500 دکانوں کی تعمیر سمیت رابطہ سڑک اور دیگر کاموں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے آل پاکستان آئل ٹینکرز اونرز ایسوسی ایشن، پیپلز لائنز ویلفیئر ایسوسی ایشن اور دیگر تنظیموں کے عہدیداران کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ اس موقع پر سینئر ڈائریکٹر کوآرڈی نیشن خالد خان، سینئر ڈائریکٹر اسٹیٹ امتیاز ابڑو، ڈائریکٹر ٹرمینل عمران صدیقی، چیئرمین آل پاکستان ٹینکرز ایسوسی ایشن میر شمس شہوانی، نائب صدر رفیق احمد کاکڑ، سینئر وائس چیئرمین گلفراز خان، چیئرمین آل پاکستان آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن خانزادہ مسعود، پیپلز لائنز کے چیئرمین ایم کے ترین سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی نے مزید کہا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ٹرمینل کے حوالے سے کئی اسکیمیں رکھی گئی ہیں، دیگر سہولتوں کے علاوہ یہاں فائر ٹینڈرز اور سول انجینئرز بھی تعینات کئے جائیں گے۔ انہوں نے آئل ٹینکرز مالکان کی نمائندہ تنظیموں سے درخواست کی کہ وہ اس اہم ترین پروجیکٹ کی تکمیل میں اپنا حصہ ڈالیں تاکہ اس کے قیام کے مقاصد پورے ہوسکیں۔