سنار کی دکان میں چوری میں ملازم ملوث نکلا
عاقب نے چند ماہ قبل ملازمت حاصل کی تھی، قبضے سے زیورات برآمد کرلیے گئے،مقدمے میں سونے اور چاندی کے زیورات سمیت رقم چوری کا اندراج کرایا گیا تھا
کراچی (اسٹاف رپورٹر) عید گاہ میں سنار کی دکان میں چوری کی واردات کا معمہ حل کر لیا گیا، چوری میں دکان کا ملازم ہی ملوث نکلا، ملزم عاقب نے چند ماہ قبل ہی ملازمت حاصل کی تھی، جس کے قبضے سے زیورات برآمد کرلیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق 29 مئی کو عید گاہ کے علاقے میں قائم سنار کی دکان میں چوری کی واردات رونما ہوئی تھی۔ پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا، دکان کے مالک نے مقدمے میں 190 گرام سونے کے زیورات اور 587 گرام چاندی کے زیورات سمیت ایک لاکھ 75 ہزار روپے چوری ہونے کا اندراج کرایا تھا۔ پولیس حکام نے جب تحقیقات کا آغاز کیا تو سب سے پہلے دکان کے ملازمین کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ پولیس کو تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ ایک ملازم عاقب نے چند ماہ قبل ہی ملازمت حاصل کی ہے ، جس پر پولیس نے اسے شک کی بنیاد پر حراست میں لیا تو اس نے اعتراف کیا کہ دکان میں چوری اس نے ہی کی، دکان میں اتنا سونا دیکھ کر اس کی نیت خراب ہوگئی تھی۔ پولیس نے ملزم کی نشاندہی پر زیورات برآمد کرلیے جبکہ نقد رقم ملزم نے اپنے دوست دانش کے گھر رکھوائی تھی جو اس کی گرفتاری کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ پولیس ملزم عاقب کے دوست دانش کی تلاش میں مختلف مقامات پر چھاپے مار رہی ہے۔