میرپورخاص میں موٹرسائیکل چور گروہ کا رکن گرفتار

میرپورخاص میں موٹرسائیکل چور گروہ کا رکن گرفتار

8موٹرسائیکلیں برآمد،پنگریو میں مقابلہ ،زخمی ڈاکو اسلحے سمیت دھرلیا گیا

میرپورخاص،اندرون سندھ (بیورو رپورٹ، نمائندگان دنیا) میرپورخاص میں ڈی ایس پی جھڈو سجان سنگھ ،ایس ایچ او نوکوٹ حامد مری، ایس ایچ او ٹنڈو جان محمد ایاز علی بھٹی کی مشترکہ کارروائی میں بین الضلاعی موٹرسائیکل چورگروہ کے رکن رمضان خاصخیلی کو پولیس مقابلے کے بعد پستول سمیت گرفتار کر لیا گیا جبکہ ملزمان مرتضی خاصخیلی، ایاز شیخ، اشرف چانڈیو اور نذرو چانڈیو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ، ملزم کے قبضے سے مختلف علاقوں سے چوری اورچھینی گئی 8 موٹر سائیکلیں برآمد ہوئیں۔ دریں اثنا گزشتہ روز میرپورخاص کے تھانے دلبر مہر کی حدود میں واقع گوٹھ جھڑبی میں مسلح افراد کی فائرنگ سے ملک محمد اور امام بخش لوند کی ہلاکت اور تین افراد کو زخمی کرنے کا مقدمہ چار افراد اصغر علی، اشرف، غلام نبی اور علی حسن کے خلاف درج کر لیا گیاہے جبکہ تین روز قبل نامعلوم افراد کی فائرنگ سے شہید ہیڈ کانسٹیبل ذوالفقار علی کی ہلاکت کا مقدمہ مقتول کے بھائی ممتاز سومرو کی مدعیت میں ایک نامعلوم ملزم کے خلاف درج کرلیا گیاہے دوسری جانب حراست میں لی گئی خواتین سمیت دیگر افراد تاحال پولیس کی تحویل میں ہیں ۔پنگریو سے نمائندے کے مطابق کھور واہ پولیس پر شیر واہ کے قریب واردات کی نیت سے کھڑے ڈاکوئوں نے فائرنگ کردی جس کے دوران اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ایک ڈاکو اجنیر بخش زخمی ہوگیا جسے پولیس نے پستول سمیت گرفتار کرلیا جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہوگئے جن میں سے ایک کی شناخت حسن بھٹی کے طور پر ہوئی ہے ۔ گرفتار ملزم اجنیر ولد سائیں بخش ضلع شکار پور کے علاقے گڑھی تیغو سے تعلق رکھتا ہے اور انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کو انتہائی مطلوب اور اشتہاری ہے ۔محراب پور میں لاکھا روڈ پولیس کی حدود راجو ڈاہری محلے میں اہل محلہ نے دو چوروں ذاکر علی راجپراور قاصد علی راجپر کو بکری چوری کرتے پکڑ لیا اور پولیس کے حوالے کردیا۔ نواب شاہ سے نمائندے کے مطابق تھانہ دوڑ پولیس نے روپوش ملزمان شہزاد چانڈیو اور محسن بلوچ کو جبکہ تھانہ اے سیکشن اور مددگار ون فائیو پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروش عبد القدیر کو گرفتار کرلیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں