ٹھٹھہ کی نہرمیں رکشہ گرنے سے 5افراد ڈوب گئے

ٹھٹھہ کی نہرمیں رکشہ گرنے سے 5افراد ڈوب گئے

نوڈیرو میں کزن کے ہاتھوں نوجوان کا قتل،گھوٹکی میں گلاکٹی لاش ملی

ٹھٹھہ،اندرون سندھ(نمائندگان دنیا)ٹھٹھہ کے علاقے گجو میں کے ڈی اے نہر میں رکشہ الٹنے کے سبب 5 افراد ڈوب گئے ۔ٹھٹھہ سے 16 کلو میٹر دور گجو شہر میں کراچی کو پانی سپلائی کرنے والی نہر میں رکشہ الٹ گیا جسکے نتیجے میں پانچ افراد جن میں بچے خواتین اور مرد شامل ہیں ڈوب گئے ۔ گھارو سے نمائندے کے مطابق باگڑی خاندان کے افراد رکشے پر سوار ہوکر ہالیجی کے قریب مذہبی رسم کے لیے جا رہے تھے کہ رکشہ تیز ہوا کے باعث ڈرائیور سے بے قابو ہو کر واٹر بورڈ کی نہر میں جا گرا ۔ڈپٹی کمشنر عثمان تنویر، پاک بحریہ کے غوطہ خور، پولیس اور انتظامیہ موقع پر پہنچ گئی اور آخری اطلاعات تک دو افراد دینو باگڑی اور 16 سالہ پوجا باگڑی کی لاشیں برآمد کر لی گئیں جبکہ 3 افراد 7 سالہ راموں، 4 سالہ لیلا اور 8 سالہ حنا کی لاشوں کی تلاش جاری ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ 16 سالہ پوجا باگڑی کی دو دن بعد شادی تھی ۔گھوٹکی میں بھٹہ ہوٹل کے قریب بھٹہ برادری کے 22 سالہ نوجوان شاہ میر بھٹو کو نا معلوم افراد نے گلا کاٹ کر قتل کر دیا۔ شاہ میر بھٹو رات گھر نہ لوٹا تو اہل خانہ نے پولیس کو اطلاع دی اور رات گئے پولیس کو بائی پاس روڈ سے اس کی لاش ملی جسے ورثا نے بائی پاس روڈ پر رکھ کرسڑک کومکمل بند کر دیا جس کے بعد گھوٹکی اے سیکشن پولیس کی قاتلوں کی گرفتاری کی یقین دہانی پر احتجاج ختم کردیا۔ نوڈیروسے نمائندے کے مطابق تھانہ گڑھی خدا بخش بھٹو کے گاؤں تقی کتیان میں چھت پر سونے پر ملزم خالد کتیان نے اپنے کزن عمران کٹیان کو 12 بور کی رائفل سے فائر کر کے قتل کردیا ۔ڈی ایس پی نوڈیرو شاہ جہاں شاہ کے مطابق ملزم خالد نے درخواست دی تھی کہ عمران رات کو چھت پر سوتا ہے جس سے اسے کئی بار منع کیا مگر وہ باز نہیں آیا جس پر پولیس عمران کو گرفتار کرنے گئی تو ملزم خالد نے عمران کو دیکھتے ہی اس پر رائفل سے گولی چلادی جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا اور اسپتال میں دم توڑ گیا ۔پولیس کے مطابق ملزم خالد کٹیان کو ہتھیار سمیت گرفتار کرلیا گیا ہے ۔محراب پور میں مٹھیانی پولیس کے علاقے پانڈی اسٹاپ کے ہوٹل پر بیٹھے نوجوان سکندر پنہور کو نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا، پولیس کے مطابق واقعہ پرانی دشمنی کا نتیجہ ہے ۔ دریں اثنا قومی شاہراہ پر دھیرن کے قریب باراتیوں سے بھری گاڑی ٹائر پھٹ جانے سے الٹ گئی جس کے نتیجے میں دس مرد و خواتین زخمی ہوگئے۔ روہڑی کے پٹنی تھانے کی حدود نارا کینال کے گائوں بڈو خان عمرانی میں چار سالہ بچہ ریاض کھیلتے ہوئے نارا کینال میں ڈوب گیا جسے لوگوں نے بیہوشی کی حالت میں نکال کر اسپتال پہنچایا جہاں وہ دم توڑ گیا ۔لاڑکانہ کے قریب خیرپور جوسو ہال باغ چوک پر تیز رفتار کار اور موٹرسائیکل میں ٹکر کے نتیجے میں دو افراد شدید زخمی ہوگئے جبکہ لاڑکانہ شہر اور گرد و نواح میں سگ گزیدگی کے واقعات میں آوارہ کتوں نے 14 افراد کو کاٹ کر زخمی کردیا ۔پنگریوکے قریب نیوی چک کے مقام پردوموٹرسائیکلوں کے تصادم میں تین افراد جاوید پاڑھو، محمدیوسف پاڑھو اورمحمداسماعیل جمالی زخمی ہوگئے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں