سکرنڈ میں قومی شاہراہ پرکپڑے کے تاجروں سے لوٹ مار

سکرنڈ میں قومی شاہراہ پرکپڑے کے تاجروں سے لوٹ مار

محراب پورمیں یوٹیلیٹی اسٹورمیں ڈکیتی،نوکوٹ میں نوجوان موبائل فون سے محروم

سکرنڈ،اندرون سندھ (نمائندگان دنیا) سکرنڈ کے قریب قومی شاہراہ کے چوتھا میل اسٹاپ کے مقام پر جمعرات کی درمیانی شب جدید اسلحے سے لیس سات سے زائد ڈاکوؤں نے رکاوٹیں کھڑی کرکے لوٹ مار شروع کی اورکراچی سے فصیل آباد جانے والی کار میں سوار فیصل آباد کے کپڑے کے تاجروں راناجمیل ، محمد نعمان ، محمد اشتیاق کو روک کر ساڑھے چھ لاکھ روپے ،قیمتی موبائل فون اور دیگر اشیا لوٹ لیں اور مزاحمت پر انہیں تشدد کا نشانہ بناکر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے ۔اطلاع پر پولیس نے شک کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے گرفتاریاں بھی کی ہیں ۔محراب پور میں مسلح افراد نے یوٹیلیٹی اسٹور میں رکھی ایک لاکھ روپے کی نقدی لوٹ لی اور واردات کے دوران وہاں موجود گاہکوں کو بھی لوٹ مار کا نشانہ بنایا۔ دریں اثنا نیوٹاؤن میں بھکاری نوسرباز عورتوں کے گروہ نے ایک شہری نوبت علی خاص خیلی کو باتوں میں الجھا کر اس کی جیب میں رکھی 45 ہزار روپے کی نقدی نکال لی۔علاوہ ازیں کنڈیارو کے مقامی صحافی سید اسد عباس شاہ کے گھر سے نامعلوم چور عورتیں ڈیڑھ تولے کے طلائی زیورات ، 40 ہزار کی نقدی چرا کر غائب ہوگئیں ۔نوکوٹ شہر کے گنجان آباد علاقے کی گلی میں گھر کے باہر بیٹھے واشدیو درزی کے 14 سالہ بیٹے سے دو موٹر سائیکل سوار موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں