پرائمری اسکول کے لئے عمارت جامعہ کراچی کے حوالے

پرائمری اسکول کے لئے عمارت جامعہ کراچی کے حوالے

اعلیٰ تعلیم وتحقیق کے حصول کا بیج اسکول کی سطح پر ہی بویاجاتا ہے، شیخ الجامعہ،اسکول جدید تقاضوں سے ہم آہنگ سہولیات سے آراستہ کیاجائے گا،ڈاکٹر خالد عراقی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا ہے کہ اعلیٰ تعلیم وتحقیق کے حصول اور پیشہ ورانہ کامیابی کا بیج اسکول کی سطح پر ہی بویاجاتا ہے، اسکول کی سطح پر ناقص نظام تعلیم، اعلیٰ تعلیم پر منفی اثرات مرتب کرتا ہے، تعلیم کے بغیر کوئی بھی قوم اور معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا، جن قوموں نے تعلیم کو اپنی ترجیح بنایا اور اس کے لئے سرمایہ کاری کی وہ آج ترقی کی منازل بڑی تیز ی سے طے کررہی ہیں، جامعہ کراچی میں سردار یاسین ملک اسکول کا قیام لائق تحسین ہے جس سے نہ صرف جامعہ کراچی کے اساتذہ ودیگر عملے کے بچے بلکہ شہربھر کے بچے استفادہ کر سکیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سردار یاسین ملک کی جانب سے جامعہ کراچی میں تعمیر ہونے والے سردار یاسین ملک اسکول کی عمارت بمعہ فرنیچر جامعہ کراچی کے حوالے کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر رجسٹرار جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر عبدالوحید، ممبر سینڈیکیٹ صاحبزادہ معظم قریشی ،ناظم مالیات طارق کلیم ، تمام رؤسائے کلیہ جات اور اساتذہ وملازمین کی کثیر تعداد موجودتھی۔ ڈاکٹر خالد عراقی نے مزید کہا کہ مذکورہ اسکول کے لئے چھ ایکڑ اراضی مختص کی گئی ہے ،پرائمری کی سطح سے شروع ہونے والے اس اسکول میں وقتاً فوقتاً توسیع کی جائے گی اور اسے عصر حاضر کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ سہولیات سے آراستہ کیاجائے گا۔ اسکول کی متعلقہ اتھارٹی سے رجسٹریشن کرانے کے بعد ماہرین تعلیم اور اس شعبے کا تجربہ رکھنے والے افراد پر مشتمل ایک مینجمنٹ بورڈ تشکیل دیا جائیگا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں