حکمران عوام سے کیے وعدے پورے کریں،ثروت قادری

حکمران عوام سے کیے وعدے پورے کریں،ثروت قادری

لفظوں کے ہیر پھیر سے عوام کی حالت نہیں بدلے گی ،معاشی استحکام عملی بنایا جائے،مہنگائی اور غربت کے خاتمے کیلئے پرامن جدوجہد جاری رکھیں گے ،سربراہ سنی تحریک

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ بجٹ عوام دوست ہوگا تو معیشت مستحکم اور ملک آگے بڑھے گا، لفظوں کے ہیر پھیر سے عوام کی حالت نہیں بدلے گی، عملی طور پر معاشی استحکام کو یقینی بنایا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہل سنت سے جاری کئے گئے ایک بیان میں کیا۔ ثروت اعجاز قادری نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت بجلی ،گیس اور پانی کے بلوں پر غریبوں کو ٹیکس چھوٹ دے ، بجلی کے 500یونٹ تک کسی بھی قسم کا ٹیکس یا اضافی رقم وصول نہ کی جائے ، مہنگائی اور غربت کے خاتمے کے لئے پرامن جدوجہد جاری رکھیں گے ، حکومت بجٹ میں غریب کو ریلیف اور غربت کو ختم کرنے کے لئے مثبت اور عملی اقدامات کا اعلان کرے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا معاشی استحکام امن کے دشمنوں کو کمزور اور پاکستان کو عالمی سطح پر مضبوط بنائے گا، آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک سے قرضے لینا بند کر کے ملکی وسائل پر انحصار کیا جائے، پاکستان کے عوام معاشی استحکام کو یقینی بنانے اور انتہا پسندی و دہشت گردی کے خاتمے کے لئے حکومت کی مثبت پالیسیوں کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو عوام سے کئے گئے وعدے پورے کر کے جمہویت کو مضبوط کرنا ہو گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں