نالوں کی صفائی،19 لاکھ مربع فٹ کچرا لینڈ فل سائٹس منتقل

نالوں کی صفائی،19 لاکھ مربع فٹ کچرا لینڈ فل سائٹس منتقل

سب سے زیادہ بلدیہ وسطی سے 599450 کیوبک فٹ برساتی فضلہ نکالا گیا،صفائی کیلئے تشکیل کمیٹی موثر انداز سے ذمہ داریاں نبھا رہی ہے، سیکریٹری بلدیات

کراچی (اسٹاف رپورٹر) مون سون سے قبل برساتی نالوں کی صفائی کے حوالے سے بنائی گئی حکومت سندھ کی حکمت عملی کام کرتی نظر آرہی ہے۔ سیکریٹری بلدیات سندھ سید نجم احمد شاہ نے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 26 مئی سے شروع ہونے والی نالہ صفائی مہم کے تحت 8 جون تک فراہم ہونے والے اعداد و شمار کے نتیجے میں محض 14 دنوں کے اندر 19 لاکھ، 98 ہزار، 625 کیوبک فٹ کچرا نالوں سے نکال لیا گیا جس کو 2 ہزار 773 ڈمپرز کے ذریعے لینڈ فل سائٹس منتقل کیا گیا اور مزید کام پوری رفتار سے جاری ہے ۔ سیکریٹری بلدیات نے بتایا کہ ضلع غربی کے برساتی نالوں سے 4 لاکھ 69 ہزار 248 کیوبک فٹ فضلہ 576 ڈمپرز میں منتقل کیا گیا، ڈسٹرکٹ ایسٹ سے ایک لاکھ 31 ہزار 515 کیوبک فٹ کچرا 191ڈمپرز کے ذریعے ، بلدیہ وسطی سے 599450 کیوبک فٹ برساتی فضلہ 778 ڈمپرز کے ذریعے ،بلدیہ ملیر سے 99 ہزار 500 کیوبک فٹ فضلہ 160 ڈمپرز کے ذریعے، ڈسٹرکٹ کورنگی سے 124539کیوبک فٹ کچرا144 ڈمپرز کے ذریعے اور ڈسٹرکٹ ساؤتھ سے 574295 کیوبک فٹ فضلہ 924ڈمپرز کے ذریعے لینڈ فل سائٹس منتقل کیا گیا۔ برساتی نالوں کی صفائی کے لئے تشکیل دی گئی کمیٹی موثر انداز سے اپنی ذمہ داریاں سر انجام دے رہی ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں